Live Updates

نواز شریف کے حالیہ بیان پر ناراضگی یا کچھ اور

مسلم لیگ ن کے ایم پی اے چوہدری اشرف نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 15 مئی 2018 13:50

نواز شریف کے حالیہ بیان پر ناراضگی یا کچھ اور
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 مئی 2018ء) : نواز شریف کے حالیہ متنازعہ بیان پر ایک اور ن لیگی رہنما نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری اشرف نے پارٹی کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کر لیا۔ چوہدری اشرف گجرات سے ن لیگ کے ٹکٹ پر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ چوہدری اشرف پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان سے ملاقات کے بعد پاکستان تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کریں گے۔

خیال رہے کہ پانامہ لیکس کیس میں پی ٹی آئی کو بڑی کامیابی حاصل ہونے کے بعد سے ہی پی ٹی آئی کی سیاسی فتوحات میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ پانامہ لیکس کیس میں نا اہل ہونے پر مسلم لیگ ن کے رہنما نواز شریف کو نہ صرف وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہونا پڑا بلکہ انہیں پارٹی صدارت کے عہدے سے بھی ہاتھ دھونا پڑے۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ نواز شریف نے سپریم کورٹ سے نا اہلی کے بعد عدلیہ مخالف بیانات دینا شروع کر دئے جن کی ان کے اپنے پارٹی رہنماؤں نے بھی مخالفت کی۔

نواز شریف کی عدلیہ اور ریاستی اداروں کے مخالف پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے کئی رہنما حکومتی جماعت سے علیحدگی اختیار کر چکے ہیں تاہم اب نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق متنازعہ بیان کی وجہ سے بچے کُھچے پارٹی رہنماؤں نے بھی پارٹی چھوڑنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق نواز شریف کے اس بیان سے ان کی پارٹی اور آئندہ الیکشن میں ان کے ووٹ بنک کو بھاری نقصان پہنچے گا ، جبکہ کچھ اطلاعات کے مطابق نواز شریف کے اس بیان کو لے کر پارٹی میں دھڑے بندی کا آغاز بھی ہو چکا ہے۔ لیکن نواز شریف اپنے بیان پر قائم ہیں اور ان کا کہناہے کہ میں سچ کہوں گا چاہے اس کے لیے مجھ کچھ بھی سہنا پڑے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات