سیکرٹری فنانس پنجاب کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری

منگل 15 مئی 2018 14:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے سیکرٹری فنانس پنجاب حامد یعقوب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے شکیل احمد کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار وکیل نے موقف اپنایا کہ شکیل احمد ڈپٹی اکائونٹنٹ کے طور پر ڈیوٹی کے فرائض انجام دے رہا ہے جبکہ درخواست گزار کو محکمانہ پالیسی کے تحت ترقی نہیں دی جا رہی۔

درخواست گزار وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ عدالت کے حکم کے باوجود درخواست گزار کو اپ گریڈ نہیں کیا جا رہا اور شکیل احمد کو ڈپٹی ڈسٹرکٹ اکائونٹس افسر نہیں بنایا جا رہا۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت سیکرٹری فنانس کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے۔ عدالت نے سیکرٹری فنانس کو توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب داخل کروانے کی ہدایت کر دی۔