فرانسیسی ٹور آپریٹرز پاکستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں ‘سفیر پاکستان

سفارت خانہ پاکستان میں فرانسیسی سیاحوں کی سہولت اور حوصلہ افزائی کیلئے سفارتخانہ میں ایک خصوصی اطلاعاتی مرکز اور فرانسیسی زبان میں ایک ویب سائب ’’ دریافت پاکستان‘‘ کا افتتاح کردیاگیا

منگل 15 مئی 2018 14:10

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) سفارت خانہ پاکستان میں فرانسیسی سیاحوں کی سہولت اور حوصلہ افزائی کیلئے سفارت خانہ میں ایک خصوصی اطلاعاتی مرکز اور فرانسیسی زبان میں ایک ویب سائب ’’ دریافت پاکستان‘‘ کا افتتاح کیا گیا۔ معین الحق سفیر پاکستان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی کی بہتر صورتحال، نئی سڑکوں کی تعمیر، جدید مواصلاتی نظام، جدید سفری اور رہائشی سہولیات کی وجہ سے قومی و بین الاقوامی سیاحوں کیلئے پاکستان انتہائی پسندیدہ ملک کا درجہ اختیار کرچکا ہے۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ سفارت خانے میں سیاحتی ڈیسک اور ویب سائٹ کے اجرا سے پاکستان کی سیاحتی صلاحیت کو اجاگر کرنے، پاکستان اور فرانس کے ٹور آپریٹرز کے درمیان روابط کے فروغ اور فرانسیسی سیاحوں کو پاکستان کی سیاحتی سہولتوں کو متعارف کروانے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

سفیر پاکستان نے فرانسیسی ٹور آپریٹرز کو پاکستان کیلئے خصوصی ٹور پیکج شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ فرانسیسی سیاحوں کو پاکستان کی خوبصورت وادیوں، شاندار پہاڑوں، عظیم مغلیہ یادگاروں، آثار قدیمہ کے خزانوں، صوفی و روائتی موسیقی سے لطف اندوز ہونے کے علاوہ پاکستانیوں کی روائتی مہمان نوازی سے مستفید ہونے کا موقع مل سکے۔

اس افتتاحی تقریب میں پاکستان کا متعدد بار دورہ کرنے والے جناب پال گائنیزنئر نے گلگت بلتستان کے خوبصورت مناظر، شندور میلہ اور پاکستان کے تاریخی شہروں کی سیاحتی اہمیت پر پر روشنی ڈالی، محترمہ اورئن زاروا جو کہ فرانسیسی فوٹوگرافر ہیں نے دریائے سندھ کے ساتھ ساتھ اپنے سفرکا ذکر سنہری الفاظ میں کیا، جناب ڈیوڈ سرمانٹو ماہر آثار قدیمہ نے پاکستان میں موجود آثار قدیمہ کے اہم مقامات کے بارے میں حاضرین کو آگاہ کیا، جناب مچل گالینی نے مغلوں کی عظیم یادگاروں اور پاکستانی ثقافت کے بارے میں سامعین کو آگاہ کیا اور جناب ایلکس فلیپون نے اپنے دورہ پاکستان کے درمیان اپنے روحانی تجربات اور پاکستان میں صوفی روایات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر پاکستان کی ثقافت اور تاریخی ورثہ کے حوالے سے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی اور خاص طور فرانسیسی زبان میں تیار کیئے گئے بروشرز بھی شرکاء میں تقسیم کیئے گئے۔ اس افتتاحی تقریب میں فرانسیسی ٹور آپریٹرز، فرانسیسی اور پاکستانی صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔