بلند فشار خون کا عالمی دن کل منایاجائیگا

منگل 15 مئی 2018 14:50

فیصل آباد۔15 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) دنیا بھر کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کل17 مئی بروز جمعرات کو اقوام متحدہ کے ادارہ صحت کے زیر اہتمام عالمییوم بلند فشار خون منایا جائے گا۔اس سال اس دن کا موضوع ’’نائو یوور نمبرز ‘‘ہے۔مذکورہ دن کے حوالے سے عالمی ادارہ صحت ، انٹرنیشنل ہائپر ٹینشن ایسوسی ایشن، حکومت پاکستان، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ، محکمہ صحت حکومت پنجاب، اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن اور دیگر سرکاری و نیم سرکاری تنظیموں اور فارما سیوٹیکل انڈسٹری کے اشتراک سے تمام صوبائی دارالحکومتوں سمیت ڈویژنل و ضلعی ہیڈکوارٹرز پر سیمینارز ، کانفرنسز اور دیگر تقریبات کا اہتمام کیاجائیگا جس سے ماہرین طب خطاب کریں گے۔

مذکورہ دن منانے کا مقصد عوام کو ہائی بلڈ پریشر کی وجوہات ، علامات ، بروقت تشخیص ، علاج اور حفاظتی و تدارکی اقدامات سے آگاہ کرناہے۔

(جاری ہے)

مذکورہ دن کے موقع پر فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ماہرین طب صبح 10 سے دوپہر ایک بجے تک ہائی بلڈ پریشر اور دل کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کامفت طبی معائنہ کریں گے اور انہیں مشوروں سمیت مفت ادویات بھی فراہم کی جائیں گی اس موقع پرکولیسٹرول، شوگر اور دیگر ٹیسٹ بھی کئے جائیں گے۔

ماہرین طب نے بتایا کہ وزن اور بلڈ پریشر کا دل کی بیماریوں سے انتہائی گہرا تعلق ہے اور دل کے امراض میں مبتلا زیادہ تر مریض اضافی وزن اور ہائی بلڈ پریشر کا شکار ہوتے ہیں لہٰذا دل کے امراض کو کم سے کم کرنے کیلئے موٹاپا اور بلڈ پریشر پر کنٹرول اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائپرٹینشن کے عالمی دن کے موقع پر مریضوں کو مشورے اور لٹریچر کی فراہمی بھی کی جائے گی تاکہ وہ ان پر درج ہدایات پر عمل کرتے ہوئے موذی امراض سے بچ سکیں۔