کاشتکاروں کو پودینہ کی کٹائی بروقت مکمل کرنے کی ہدایت

منگل 15 مئی 2018 14:50

فیصل آباد۔15 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء)محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو پودینہ کی کٹائی بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ جب پودینہ کے پودے 15سے 20سینٹی میٹر تک اونچے ہو جائیں تو انہیں کاٹ کر چھوٹی چھوٹی گٹھیوں کی صورت میں باندھ دینا چاہیے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ پودینہ کی فصل میں جڑی بوٹیوں کے پیدا ہونے کا بھی احتمال رہتا ہے لہٰذا اگر پودینہ کے کھیت میں جڑی بوٹیاں اگ آئیں تو ہر کٹائی کے بعد کھرپے کی مدد سے گوڈی کرتے ہوئے جڑی بوٹیوں کو تلف کر دینا چاہیے۔

انہوںنے کہا کہ پودینہ کی شاندار فصل حاصل کرنے کیلئے مناسب کھادوں کا استعمال بھی ضروری ہے جس کیلئے کاشتکار ہر کٹائی کے بعد کھیت میں ایک بوری یوریا یا دو بوری امونیم سلفیٹ کھاد فی ایکڑ کے حساب سے ڈال کر آبپاشی کر سکتے ہیں۔انہوںنے بتا یاکہ اس اقدام سے جہاں پودینے کی صحت مند اور فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل ہو گی وہیں کاشتکاروں کو بھاری مالی منافع بھی حاصل ہو سکتا ہے۔