باغبانوں کو باغات کی مناسب نگہداشت کی ہدایت

منگل 15 مئی 2018 14:50

فیصل آباد۔15 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) ماہرین زراعت نے کہاہے کہ گرم ہوائوں ، دھوپ کی شدت ، لو کے اثر کے باعث چھوٹے و بڑے پھلدار پودوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے لہٰذا باغبان پودوں کی مناسب نگہداشت یقینی بنائیں۔ انہوںنے باغبانوں کو سفارش کی کہ وہ موسم گرما میں پھلدار خصوصاً چھوٹے پودوں کو زیادہ درجہ حرات اور گرم ہوا سے محفوظ بنانے کے لیے ان کی مناسب نگہداشت کریں ۔

انہوںنے کہاکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں مئی سے جولائی تک سخت گرمی پڑتی ہے جس کے باعث پھل جھلس جاتا ، چھلکا پھٹ جاتا اور پھل کی کوالٹی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔انہوںنے کہاکہ ضیائی تالیف کا عمل متاثر ہونے کی وجہ سے پودوں میں خوراک بنانے کے عمل میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے جس سے پھل کا کیرا بڑھ جاتا ہے اس لئے پھلدار پودوں کو گرمی کے اثرات سے محفوظ کرنے کے لیے پودوں کے گھیرے میں ہلکی گوڈی کرکے سطح زمین کو چار سے چھ انچ گھاس کی موٹی تہہ سے ملچنگ کی جائے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ باغبان گرمیوں میں چھوٹے پودوں کو ہفتہ میں دوبار جبکہ بڑے پودوں کو8 سے 10 دن کے وقفہ سے پانی لگائیں نیز گرمیوں میں آبپاشی صبح یا شام کے وقت کریں۔ انہوںنے کہاکہ مئی و جون کے مہینوں میںپھلدار پودوں کے تنوں کو نیلا تھوتھا و چونا کے محلول سے سفید ی کی جائے تاکہ تنے گرمی کے مضر اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔