ہزارہ فاسفیٹ کی انتظامیہ مزدوروںکا معاشی قتل کر رہی ہے،جواد رسول/محمد سرفراز

منگل 15 مئی 2018 15:00

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) ہزارہ فاسفیٹ مزدور یونین کے صدر جواد رسول اور جنرل سیکرٹری محمد سرفراز نے کہا ہے کہ ہزارہ فاسفیٹ کی انتظامیہ غریب مزدوروں پر فیکٹری کے دروازے بند کر کے مزدوروں کا معاشی قتل عام کر رہی ہے، ہم کسی صورت بھی اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں کئے جاتے ہم ہڑتال جاری رکھیںگے۔

منگل کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مزدور یونین کی ہڑتال انتظامیہ کے ناروا رویہ اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے 7 مئی سے جاری ہے، ہزارہ فاسفیٹ فرٹیلائزر کے یونین لیڈر جواد رسول پر فیکٹری کے دروازے بند ہیں۔ یونین عہدیداروں نے اپنے مطالبات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے صدر جواد رسول کے غیر قانونی گیٹ بندش کو ختم کیا جائے، برطرف یونین عہدیداروں کو فوراً بحال کیا جائے، یونین عہدیداروں کو ڈرانے دھمکانے کیلئے قائم کئے گئے جھوٹے مقدمات کو فی الفور واپس لیا جائے، یونین کی طرف سے دیئے گئے ڈیمانڈ نوٹ پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور فیکٹری کے کسی ورکر کو بلاجواز نوکری سے نہ نکالنے کی یقین دہانی کرائی جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یونین صدر جواد رسول نے مزدوروں کے حقوق کیلئے تادم مرگ بھوک ہڑتال کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہماری یونین رجسٹرڈ ہے لہذا ہم پورے پاکستان کے مزدوروں کی یونین عہدیداروں کی میٹنگ بلا کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :