چمنکہ میں راستہ کے تنازعہ پر ہونے والے تین افراد کے قتل کا راضی نامہ ہو گیا، دونوں فریقین آپس میں بغل گیر ہو گئے

منگل 15 مئی 2018 15:00

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) حویلیاں کے گائوں چمنکہ میں راستہ کے تنازعہ پر ہونے والے تین افراد کے قتل کا راضی نامہ طے پا گیا، دونوں فریقین آپس میں بغل گیر ہو گئے۔ چیئرمین ڈی آر سی حویلیاں سلیم خان، وائس چیئرمین وقار خان اور ممبر عبدالمالک خان نے دیرینہ دشمنی کو دوستی میں بد ل دیا۔ تفصیلات کے مطابق 8 سال قبل گائوں چمنکہ میں راستہ کے تنازعہ پر گستاسپ خان وغیرہ اور بابر الرحمن وغیرہ کے مابین شدید جھگڑا ہوا جس میں تین قیمتی جانیں آصف، گل محمد پسران سکندر خان اور قمر زمان ولد اعظم خان قتل ہوئے جس کے بعد دونوں پارٹیوں میں شدید اشتعال پیدا ہو گیا اور مزید قیمتی جانیں ضائع ہونے کا خدشہ تھا۔

معززین علاقہ خانویز خان، اسلم خان، مجاہد رضوان، تجارت خان، نعیم خان ایڈووکیٹ نے چیئرمین ڈی آر سی حویلیاں سلیم خان جدون، وقار خان اور وائس چیئرمین کو مطلع کیا اور معاملہ حل کرنے کی درخواست کی جس پر چیئرمین نے گائوں چمنکہ کی مسجد میں جرگہ منعقد کیا اور گفت و شنید کے بعد دونوں پارٹیوں نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر فی سبیل الله معاف کر دیا اور 8 سالہ دشمنی دوستی میں بدل گئی۔

(جاری ہے)

مذکورہ کیس میں ڈی آئی جی، ڈی پی او ایبٹ آباد اور مقامی پولیس کا مصالحتی کمیٹی کے ساتھ بھرپور تعاون رہا اور معززین علاقہ نے بھی ڈی آر سی سے مکمل تعاون کیا جس کی وجہ سے دونوں فریقین میں معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے۔

متعلقہ عنوان :