نواز شریف کو کسی سے محب وطن ہونے کے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں، مسلم لیگ (ن)

،ْبھارتی میڈیا نواز شریف کے بیان کو حقائق کے برعکس پروپیگنڈے کے طور پر چلا رہا ہے، قومی میڈیا حقائق کو مدنظر رکھے، چوہدری جعفر اقبال ،ْ میاں منان اور میاں جاوید لطیف کی میڈیا سے گفتگو

منگل 15 مئی 2018 15:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے اراکین نے کہاہے کہ نواز شریف کو کسی سے محب وطن ہونے کے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ،ْبھارتی میڈیا نواز شریف کے بیان کو حقائق کے برعکس پروپیگنڈے کے طور پر چلا رہا ہے، قومی میڈیا حقائق کو مدنظر رکھے۔منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت چوہدری جعفر اقبال نے کہا کہ سابق وزیراعظم نے جس طرح کا بیان دیا ہے ماضی میں اس طرح کا بیان جنرل (ر) شجاع پاشا‘ جنرل (ر) درانی نے بھی دیا ہے اس پر کسی نے اعتراض نہیں کیا انہوںنے کہاکہ سب نے دیکھا ہے کہ بونیر کے جلسے میں سب نواز شریف کے ساتھ کھڑے تھے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ نواز شریف کو کسی سے محب وطن ہونے کے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے امریکی اتاشی کرنل جوزف کے حوالے سے کہا کہ تمام ممالک سفارتی معاہدوں کے پابند ہیں اور کرنل جوزف کے مقدمے میں بھی سفارتی معاہدوں پر عمل کیا گیا ہے۔مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اقدامات کئے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ صرف نواز شریف کی سیاست کا ہے اگر یہ کوئی اور بات کرتا تو نوٹس بھی نہ لیا جاتا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا نواز شریف کے بیان کو حقائق کے برعکس پروپیگنڈہ کے طور پر چلا رہا ہے جبکہ پاکستانی میڈیا حقائق کو دیکھ کر بات کرے۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں عبدالمنان نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیان میں ایسا کچھ نہیں جس پر واویلا کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کی تقدیر بدلی ہے‘ ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلائی اور توانائی بحران کے حل کے لئے ملک میں ہنگامی بنیادوں پر توانائی کے منصوبے شروع کئے جس کی وجہ سے آج ملک میں لوڈشیڈنگ ختم ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیے اور دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونا چاہیے ۔