اسرائیلی فائرنگ سے وحشت انگیز ہلاکتوں کا خاتمہ کیا جائے،اقوام متحدہ کا مطالبہ

انسانی حقوق کی غیر معمولی خلاف ورزیاں کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے،بیان

منگل مئی 15:00

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی2018ء) اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر نے اسرائیلی فورسز کی براہ راست فائرنگ سے درجنوں فلسطینیوں کی شہادتوں کے سلسلے کو فوری طور پر روکنے اور ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر زید رعد الحسین نے ایک ٹوئٹر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فورسز کی براہ راست فائرنگ سے درجنوں افراد کی وحشت ناک ہلاکت اور سینکڑوں کو زخمی کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ زندہ رہنے کے حق کی عزت کی جائے۔ انسانی حقوق کی غیر معمولی خلاف ورزیاں کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ بین الاقوامی برادری متاثرین کے لیے انصاف کو یقینی بنائے۔فلسطینی صدر محمود عباس نے اسرائیلی فورسز کی تازہ کارروائیوں کو قتل عام قرار دیتے ہوئے ان کی مذمت کی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے مشرق وسطیٰ امن عمل میں امریکا کی ثالثی کو بھی مسترد کیا ہے۔