دنیا میں مسلمانوں کا اتحاد نہ ہونے سے قتل عام جاری ہے،50فلسطینیوں کی شہادت مسلم حکمرانوں کے منہ پر تماچہ ہے،علامہ راشدمحمودسومرو

بے گناہ پرامن فلسیطنیوں پر اسرائیلی جارحیت کھلی دہشتگردی ہے ،50سے زائد فلسطینی شہریوں کی شہادت نے عالم اسلام کو رلادیا ہے، صدرایم ایم اے سندھ

منگل 15 مئی 2018 15:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل سندھ کے صدر اورجمعیت علمائے اسلام سندھ کے جنرل سیکرٹری علامہ راشد محمود سومرونے کہاہے کہ دنیا میں مسلمانوں کا اتحاد نہ ہونے سے قتل عام جاری ہے،50فلسطینیوں کی شہادت مسلم حکمرانوں کے منہ پر تماچہ ہے، امریکا اسرائیل گٹھ جوڑ فلسطین کے وجود کیلئے خطرہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکا کی جانب سے امریکی سفارتخانہ اسرائیل سے تل ابیب،بیت المقدس منتقل کرنے کے خلاف فلسطینیوں کے پرامن احتجاج پر اسرائیل کی جانب سے فائرنگ اور طاقت کا استعمال کرکے پرامن 55فلسطینیوں کو شہیداور 3ہزار سے زائد افراد کوزخمی کرنے پر اپنے ردعمل میں کیا۔

مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ بے گناہ پرامن فلسیطنیوں پر اسرائیلی جارحیت کھلی دہشتگردی ہے ،اسرائیلی دہشتگردی میں 50 سے زائد فلسطینی شہریوں کی شہادت نے عالم اسلام کو رلادیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ فلسطین صرف فلسطینیوں کا ہے، امریکا اپنا سفارتخانہ تل ابیب بیت المقدس منتقل نہیں کر سکتا ۔عالمی دہشتگرد اسرائیل امریکا کی آشیرباد سے 3ہزارسے زائد معصوم بچوں عورتوں نوجوانوں کوفائرنگ کرکے زخمی کر چکا ہے امریکا اور اس کے اتحادی اسرائیل کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مسلمان حکمران نوٹس لیں کہ کس قانون کے تحت فلسطینیوں کو ان کے حق خودارادیت سے روکا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کسی صورت بھی تشدد قتل عام قبول نہیں کیا جائے گا،متحدہ مجلس عمل معصوم مظلوم فلسطینیوں کی شہادت پر سوگ میں ہے۔انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل اس دہشتگردی کی مذمت کرتی ہے اوراو آئی سی، مسلم اتحاد اوراقوام متحدہسے مطالبہ کرتی ہے کہ اسرائیلی دہشتگردی کا نوٹس لیں