ایف بی آر کے نوٹس کے حوالے سے آپ کے تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سہیل منصور کو یقین دہانی

منگل 15 مئی 2018 15:10

اسلام آباد۔ 15 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سہیل منصور کو یقین دلایا ہے کہ ایف بی آر کے نوٹس کے حوالے سے ان کے تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا جبکہ خواجہ سہیل منصور نے ایف بی آر کی جانب سے ان کی اہلیہ کو بھیجے گئے نوٹس پر ایوان میں احتجاج کیا۔ منگل کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر خواجہ سہیل منصور نے کہا کہ وہ اس ملک کی سب سے زیادہ ٹیکس دینے والی شہری ہیں۔

اس سے قبل ایف بی آر نے میرے بھائی کو نوٹس بھیجا تھا۔ کل میری اہلیہ کے نام ایک نوٹس موصول ہوا ہے جس میں دہشتگردوں کے لئے فنڈز کی فراہمی اور دیگر الزامات بھی عائد کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کی عزت کو اچھالنا زیادتی ہے۔

(جاری ہے)

اگر میرا ایک بھی پیسہ اس ملک سے خلاف قواعد بھیجا گیا ہو تو بتایا جائے الیکشن کمیشن اور ایف بی آر میں میرا ڈکلیریشن موجود ہے۔

ان کی چھان بین کی جائے۔ اگر کوئی چاہتا ہے کہ میں اپنی پارٹی چھوڑ کر کسی اور پارٹی میں جائوں تو ایسا ممکن نہیں۔ بعد ازاں شیخ صلاح الدین نے بھی اس معاملے پر بات کی۔وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ایوان کو بتایا کہ وہ آج ہی سیکرٹری داخلہ اور چیئرمین ایف بی آر سے خواجہ سہیل منصور کی ملاقات کراتے ہیں تاکہ ان کے تحفظات کا ازالہ ہو۔