پی ٹی آئی عوام کو قومی سطح پر11نکات پر ٹرخانے کی بجائے خیبر پختونخوا میں صوبائی حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی دکھائے ،ْپیر نصیب چند

خیبر پختونخوا کے عوام باشعور ہیں اور ان کو اس قسم کے ہتھکنڈوں سے دوبارہ دھوکہ نہیں دیاجا سکتا ،ْپارٹی کارکنوں سے خطاب

منگل 15 مئی 2018 15:20

ُُُُُُُ کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ کے صوبائی صدر پیر نصیب چند نے کہاہے کہ پی ٹی آئی عوام کو قومی سطح پر11نکات پر ٹرخانے کی بجائے خیبر پختونخوا میں صوبائی حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی دکھائے۔انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام باشعور ہیں اور ان کو اس قسم کے ہتھکنڈوں سے دوبارہ دھوکہ نہیں دیاجا سکتا۔

ان خیالات کا اظہار چرچ کالونی میں ان کے اعزاز میں منعقدہ پارٹی کارکنوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پیر نصیب چندنے پی ٹی آئی کی جانب سے گیارہ نکاتی پروگرام کا اعلان مضحکہ خیزقرار دیا اور کہا کہ جن گیارہ نکات کا خیبر پختونخوامیں کوئی نام و نشان نہیں وہ ان نکات پر اب پورے ملک میں کس طرح عملدرآمد کریں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں پختونوں کو کچھ نہیں دیا البتہ ان کی محرومیوں اور مشکلات میں اضافہ ضرور کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ تبدیلی سرکارکی سیاست کا مقصد اقتدار کا حصول ہے جس کیلئے انھوں نے ایک بارپھر تبدیلی کے بجائے 11نکات کا شوشہ چھوڑ دیا ہے انھوں نے کہا کہ پختون باشعور ہیں اور وہ ووٹ بٹورنے والوں کا اصل چہرہ پہچان چکے ہیں اور مزید ان کے کسی بھی فریب میں آنے والے نہیں۔ پیر نصیب چندنے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام آنے والے انتخابات میں شوشے چھوڑنے والوں کو بری طرح مسترد کرکے اپنے لئے مخلص اوردیانتدار نمائندوں کاچنائو کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی صوبہ اور پختونوں کے حقوق کی محافظ جماعت ہے اور ان کے حق پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی۔اس موقع پر تقریب سے صوبائی صدر اقلیتی ونگ پیر نصیب چند نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز ز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے سب سے پہلے اقلیتی برادری کے حقوق کے لئے آواز بلند کی ہے ، پہلے اقلیتی سینیٹر ،ایم این اے ، پاکستان پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں منتخب ہوئے ہیں جو کہ ہمارے پارٹی کی اقلیتی برادری کے ساتھ محبت کا ثبوت ہے ۔