الیکشن کمیشن نے پشاور اور کوئٹہ میں عام انتخابات کیلئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ،ریٹرننگ افسروں کی تربیت کا آغاز کر دیا

چیف الیکشن کمشنر (آج) لاہور میں ضلعی ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کے تربیتی پروگرام کا افتتاح کریں گے

منگل 15 مئی 2018 15:30

اسلام آباد / پشاور/کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 مئی2018ء) الیکشن کمیشن نے پشاور اور کوئٹہ میں آئندہ عام انتخابات کیلئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کی باضابطہ تربیت شروع کردی ،چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا (آج) لاہور میں پنجاب کے ضلعی ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کے تربیتی پروگرام کا افتتاح کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پشاور اور کوئٹہ میں آئندہ عام انتخابات کیلئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کی باضابطہ تربیت شروع کردی پے پشاور میں تربیت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے رکن جسٹس ریٹائرڈ ارشاد قیصر نے کہا کہ ہم ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے تمام ضروری انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں شفافیت لانے کے لئے انتخابی ایکٹ 2017 میں اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔صوبائی الیکشن کمشنر پیر مقبول احمد نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔اس سے پہلے خیبرپختونخوا اورفاٹا کے تمام تینتیس ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے غیرجانبدارانہ اورشفاف انداز میں انتخابات کے انعقاد کرانے کا حلف اٹھایا۔ کوئٹہ میں بھی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کی تربیت شروع ہوگئی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا (آج)بدھ کے روز لاہور میں پنجاب کے ضلعی ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کے تربیتی پروگرام کا افتتاح کریں گے۔