اے پی پی کی طرف سے غیر ملکی مہمانوں کے اعزاز میں کلچرل شو کا اہتمام،معروف موسیقاروں اور لوک فنکاروں نے اپنے فن سے شرکاء کے دل موہ لئے

کانفرنس نے پاکستان کے پرامن ملک کے طور پر تشخص اجاگر کیا ، پرتپاک میزبانی ، ثقافت وروایات سے بھرپور محبت کا پیغام بھی بیرون ممالک بھیجا گیا

منگل مئی 15:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی2018ء) قومی خبررساں ادارے ’’اے پی پی‘‘کے زیر اہتمام دو روزہ انٹرنیشنل کانفرنس آف نیوز ایجنسیز کے موقع پریہاں مقامی ہوٹل میں غیر ملکی مہمانوں کے اعزاز میںایک کلچرل شو کا اہتمام کیا گیا،جس میں معروف موسیقاروں اور لوک فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے شرکاء کے دل موہ لئے۔ دنیاکے 18 ممالک سے آئے غیر ملکی مہمانوں اور مقامی شرکاء نے اس رنگا رنگ پروگرام سے لطف اندوز ہوئے اور فنکاروں کی کارکردگی کو سراہا۔

موسیقی کے اس پروگرام میں پاکستان کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے فنکاروں نے ثقافتی رقص پیش کئے جن سے چین، انڈونیشیا، آذربائیجان، ایران، رومانیہ، اومان، بلغاریہ، ترکی، لبنان، سوڈان، شام اور تیونس کے مہمان بے حد محظوظ ہوئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر معروف موسیقار استاد سائیں رئیس احمد خان نے وائلن پر اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کیا ۔ دیدار حسین نے ڈھول بجا کر شرکاء سے داد وصول کی جبکہ خیبر پختونخوا کے لوک فنکار نے رباب پر اپنے فن کا جادو جگایا۔

غیر ملکی وفود کو پاکستانی ثقافت سے روشناس کرانے کے لئے اس اختتامی پروگرام میں مختلف شعبہ ہا ئے زندگی سے تعلق رکھنے افراد نے شرکت کی۔ تقریب کے شرکاء نے 18 ممالک کے میڈیا پروفیشنلز کے ساتھ ساتھ ملک کے مختلف حصوں سے پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے فنکاروں کو مدعو کرنے پر اے پی پی کے منیجنگ ڈائریکٹر مسعود ملک کی کوششوں کو سراہا۔

تقریب کے اختتام پر منیجنگ ڈائریکٹر ایسو سی ایٹڈ پریس آف پاکستان کارپوریشن (اے پی پی) نے کانفرنس کو کامیاب بنانے پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور ان میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیئے۔ انھوں نے اس موقع پر کہاکہ دو روزہ کامیاب کانفرنس کے نتیجے میں نہ صرف ایک نئے میڈیا فورم’’انٹرنیشنل فورم آف نیوز ایجنسیز ‘‘( ایفنا)کی بنیاد پڑی ہے بلکہ اس کے ذریعے پاکستان کے پرامن ملک کے طور پر تشخص نمایاں اور اجاگر کیا گیا ، پاکستان کی پرتپاک میزبانی ، ثقافت وروایات سے بھرپور محبت کا پیغام بھی بیرون ممالک بھیجا گیا۔

اے پی پی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے اس امید کا اظہار کیا کہ کانفرنس میں شریک ممالک کی نیوز ایجنسیوں کے ساتھ تعاون سے ’’انٹرنیشنل فورم آف نیوز ایجنسیز ‘‘( ایفنا) کے ذریعے صحافت کے شعبہ میں مزید کام کیا جائے گا۔ انہوں نے شرکاء کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں نیوز ایجنسیوں کے درمیان نہ صرف خبروں کے تبادلہ کے ذریعے تعاون مزید بڑھے گا بلکہ متعلقہ خطوں کے لوگوں کو قریب سے قریب تر لانے میں بھی مدد ملے گی۔