ملک بھر کے تمام شیڈولڈ بینک زکوٰة کی کٹوتی کے سلسلہ میں یکم رمضان کو بند رہیں گے

منگل 15 مئی 2018 15:50

فیصل آباد۔15 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) بینک دولت پاکستان کے اعلامیہ کے مطابق ملک بھر کے تمام شیڈولڈ بینک زکوٰة کی کٹوتی کے سلسلہ میں یکم رمضان المبارک 1439ھ کو بند رہیں گے اور کسی قسم کا کوئی لین دین نہیں کیا جائے گا۔انہوںنے بتایا کہ محکمہ موسمیات اور ماہرین فلکیات کی پیش گوئی کے مطابق یکم رمضان المبارک کل 17مئی بروز جمعرات کو ہونے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

بینک کے ذرائع نے بتایاکہ یکم رمضان کو کوئی پبلک ڈیلنگ نہیں ہو گی تاہم بینکوں کا عملہ ڈیوٹی پر موجود رہے گا۔انہوںنے بتایا کہ وفاقی وزارت مذہبی امور نے امسال رمضان المبارک 1439 ھ کیلئے زکوٰ ة کی کٹوتی کا نصاب39198روپے مقرر کیاہے ۔ انہوںنے بتایا کہ ملک بھر کے تمام بنکوں کو ہدا ئت کی گئی ہے کہ یکم رمضان المبارک کوبچت کھاتے رکھنے والے ایسے صارفین کے اکاونٹس سے زکوٰ ة کی رقم وصول کی جائے جن کے اکاونٹس میں مقررہ نصاب سے زائد رقم موجود ہے جبکہ کرنٹ اکائونٹ رکھنے اور زکوٰة سے استثنیٰ کے ڈیکلیر یشن جمع کرانے والے کھاتہ داروں کے اکائونٹس سے زکوٰة کی کٹوتی نہیں کی جائے گی ۔