ْمقبوضہ کشمیر ،ْ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے ،ْمختار وازہ

منگل 15 مئی 2018 16:00

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما اور جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زوردیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو عالمی ادارے کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے میں مدددے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مختار احمد وازہ نے ضلع اسلام آباد میںشانگس کے علاقے براری آنگن میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی جراتمندانہ جدوجہد سے تنازعہ کشمیرفیصلہ کن مرحلے میںداخل ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کشمیر کی قربانیوں سے تنازعہ کشمیر عالمی سطح پر مرکز نگاہ بنا ہوا ہے اور ان قربانیاں کو رائیگاں جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حریت رہنما نے کہاکہ تنازعہ کشمیر کا ایک تاریخی پس منظر ہے اوربھارت نے کشمیری عوام کے عزم کو توڑنے کے لیے سفاکانہ پالیسی اپنا رکھی ہے لیکن اس سے آزادی کے حصول کے لیے کشمیریوں کا عزم مزید مضبوط ہواہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اقوم متحدہ پر زوردیا کہ بیانات دینے سے آگے بڑھے اور کشمیر اور فلسطین کے تنازعات کو حل کرانے کے لیے عملی اقدامات کرے تاکہ انسانی جانوں کے زیاں کو روکا جائے۔ انہوںنے کہا کشمیریوں کو طاقت کے استعمال سے اپنی منزل سے دور نہیں رکھا جاسکتا۔مختا راحمد وازہ نے بھارت پر زوردیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حوالے سے اپنی ہٹ دھرمی ترک کر کے اس کو آزادانہ استصواب رائے کے ذریعے حل کرے۔