ایشیا و بحرالکاہل کا خطے عالمی نمو ، تجارت، سرمایا کاری اور روزگار کے مواقع کی تخلیق کا انجن ہے

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترش کا اقتصادی و سماجی کمیشن برائے ایشیا و بحرالکاہل کے 74 اجلاس کے لئے اپنے وڈیو پیغام اجلاس سے کمیشن کی ایگزیکٹو سیکرٹری سٹیٹ بنک آف پاکستان کی سابق گورنر شمشاد اختر نے بھی خطاب کیا

منگل 15 مئی 2018 16:35

ایشیا و بحرالکاہل کا خطے عالمی نمو ، تجارت، سرمایا کاری اور روزگار ..
نیویارک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترش نے ایشیا و بحرالکاہل کے خطے کو عالمی نمو ، تجارت، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع کی تخلیق کا انجن قرار دیتے ہوئے اس خطہ سے امیر اور غریب کے درمیان بڑھتی خلیج کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اقتصادی و سماجی کمیشن برائے ایشیا و بحرالکاہل کے 74 اجلاس کے لئے اپنے وڈیو پیغام میں عالمی ادارے کے سربراہ نے کہا کہ اس اہم خطہ میں ایسی نمو کی ضرورت ہے جو اس میں مقیم معاشروں کو انصاف اور بہتر ماحولیاتی صورتحال کی طرف لے جائے۔

اس خطہ میں زبردست امکانات موجود ہیِں۔یہ ضروری ہے کہ اس خطہ میں جاری ترقی کے عمل سے خطہ کے تمام مکین مستفید ہوں اور اس میں شامل ہوں۔ عدم مساوات کا خاتمہ پائیدار ترقی کے اہداف میں بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

اس سال اجلاس کا موضوع ’’2030 کے دور میں عدم مساوات: پائیدار ترقی کا ایجنڈا‘‘ ہے۔کمیشن کی طرف سے جاری ایک رپورٹ میں اس بات کا اعتراف کیا گیا ہے کہ عالمگیریت کے مواقع سے استفادے کے حوالے سے موجود بے یقینی مختلف ممالک کی طرف سے اپنی صنعتوں کو تحفظ دینے کے رجحان اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کا نتیجہ ہے۔

خطہ کے ممالک میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں بہتری کے باوجود عدم مساوات ترقی کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ اس موقع پر اقتصادی و سماجی کمیشن برائے ایشیا و بحرالکاہل کی ایگزیکٹو سیکرٹری سٹیٹ بنک آف پاکستان کی سابق گورنر شمشاد اختر نے کہا کہ درپیش چیلنجزسے نمٹنے کے ٹھوس نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس عدم مساوات کو کم کرنے، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور ملٹی لیٹرلزم کے فروغ کی صورت میں خطے بھر کے عوام کو فائدہ پہنچانے کا موقع موجود ہے اور ہمیں آگے بڑھ کر اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

اقتصادی و سماجی ترقی کا کمیشن رکن ممالک کے ساتھ مل کر متوازن نموکے فروغ، سماجی تحفظ کے استحکام اور محروم طبقات کے ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے بچانے کے لئے کام کر رہا ہے۔اس موقع پر مارشل آئی لینڈ کی صدر ہلڈا ہائین کو کمیش کے 74 ویں کی چیئر پرسن منتخب کیا گیا۔