محمد خالد سجاد کھوکھر اور شہباز احمد سینئر پی ایچ ایف کے بالترتیب صدر اور جنرل سیکرٹری منتخب

منگل مئی 16:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی2018ء) بریگیڈیئر (ر) محمد خالد سجاد کھوکھر اور شہباز احمد سینئر پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے بالترتیب صدر اور جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات منگل کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ہوئے جس میں آئندہ چار برس کیلئے عہدیداران کا انتخاب عمل میں لایا گیا، بریگیڈیئر (ر) محمد خالد سجاد کھوکھر صدر، شہبازاحمد سینئر جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے، نائب صدور میں خاور انور خواجہ، سیّد غلام مصطفیٰ شاہ، محمد سعید خان اور چوہدری اسماعیل گجر شامل ہیں۔

محمد اخلاق کو خزانچی منتخب کیا گیا۔ انتخابات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد سجاد کھوکھر نے کہا کہ پی ایچ ایف کا دوبارہ صدر منتخب ہونے پر خوش ہوں، ہماری باڈی شفاف طریقے سے منتخب ہوئی ہے، انتخابات کے لئے ہم نے الیکشن کمیشن کو مکمل طور پر بااختیار بنایا تھا، شکایات سیل بھی کھولا گیا تھا جہاں جہاں کسی کو تحفظات تھے انہوں نے اپنی شکایات درج کرائیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ کورٹ میں جانا ہر انسان کا اپنا حق ہے، کورٹ کا فیصلہ جو بھی ہو گا ہمیں قابل قبول ہو گا، شروع میں جب ہم نے پاکستان ہاکی فیڈریشن ( پی ایچ ای) کے عہدے سنبھالے تو اس وقت پاکستان ہاکی کا کوئی سٹرکچر نہیں تھا، ڈومیسٹک ہاکی پر ہم نے بھرپور فوکس کیا جس کیلئے ہم نے غیر ملکی کوچ کی خدمات حاصل کیں۔ غیر ملکی کوچ کے آنے کے بعد پاکستان کی ہاکی میں بہتری آ رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ انٹرنیشنل فزیکل ٹریننر ہم باہر سے لائے ہیں جن کی کارکردگی اچھی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز میں ہم کسی سے ہارے نہیں، ہمارا اگلا ہدف ایشین گیمز ہے، اگر ان میں قومی ٹیم پہلی پوزیشن حاصل کر لیتی ہے تو اولمپک گیمز کیلئے کوالیفائی کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم رواں سال ہاکی لیگ کرانے کیلئے کوشاں تھے تاہم نہیں ہو سکا، انشاء الله اگلے سال ہر حال میں لیگ کرائیںگے۔