صفائی ستھرائی کے سلسلے میں سو فیصد نتائج کے حصول کو یقینی بنایا جائے : جان محمد بلوچ

منگل 15 مئی 2018 16:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ وائس چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت نے کہا ہے کہ صاف ستھرا ماحول مہذب اور پڑھے لکھے معاشرے کی عکاسی کرتا ہے جس طرح ہم اپنے گھر کو صاف ستھرا اور پاکیزہ رکھتے ہیں اپنی گلی محلے، اپنے شہر اور اپنے صوبے کو صاف رکھنا بھی ہماری ذمہ داری ہے ، صاف ستھرے ماحول کی تشکیل کیلئے ہر فرد کو اپنا کردار اور ذمہ داری ادا کرنی ہوگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر عمران اسلم کے ہمراہ بلدیہ ملیر میں جاری خصوصی صفائی مہم کے دوران اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر ڈائریکٹر سولڈ ویسٹ واثق ظفر ، ڈائریکٹر انفارمیشن سلیم خان اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر سولڈ ویسٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلدیہ ملیر کی تمام یوسیز میں مرحلہ وار کچرا اور ملبہ اٹھایا جا رہا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر مرکزی و ذیلی شاہراہوں پر صفائی ستھرائی عمل میں لائی جارہی ہے،چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ اور وائس چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت نے صفائی ستھرائی کے سلسلے میں جاری کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ سولڈ ویسٹ کی کارکردگی کو سراہا ،اور ڈائریکٹر سولڈ ویسٹ واثق ظفر کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ نجی شعبے کے اشتراک سے صفائی ستھرائی کے سلسلے میں 100 فیصد نتائج کے حصول کو یقینی بنایا جائے انہوں نے عوام سے بھی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام اپنے گھروں دکانوں ، تجارتی اور صنعتی بنیادوں پر پیدا ہونے والا کچرا وقت مقررہ پر بلدیہ ملیر کی جانب سے رکھے گئے کچرا دانوں میں ڈالیں تاکہ بروقت ان کی صفائی و منتقلی عمل میں لائی جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :