پاکستان سے 70 سالوں سے بہترین تعلقات ہیں، متحدہ عرب امارات

امارات میں تقریبا 17لاکھ پاکستانی مختلف شعبو ں میںخدمات سرانجام دے رہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں،حمادعبید الزادی کا تقریب سے خطاب

منگل 15 مئی 2018 17:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارا ت کے سفیر حماد عبید الزادی کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مابین سترسالوں سے خوشگوار تعلقات موجود ہیں، امارات میں تقریبا 17لاکھ پاکستانی مختلف شعبو ں میںخدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوںنے ’’اعتماد ‘‘ سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اماراتی سفیر کا کہنا تھا کہ یواے ای اور پاکستان کے درمیان معاشی ، سیاسی اور سفارتی تعلقات موجود ہیں ، پاکستان میں اپنے قیام کے دوران تعلقا ت کو مزید بہتر بنانے کے لیے کام کررہے ہیں۔ امارات میں پاکستانیوںکی بہت بڑی تعداد موجود ہے جو زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی خدمات سرانجام رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ہم دوست مسلم ملک کے ساتھ کام کرنے میں خوشی محسوس کرتے ہیں۔ دستاویزات کی تصدیق کیلئے بہتر سہولت فراہم کرنے کیلئے ’’ اعتماد ‘‘ کے دفتر نے کام شروع کردیا ہے۔ مجھے امید ہے کہ پاکستانی ’’اعتماد ‘‘کی فراہم کردہ سہولتوں سے مطمن ہونگے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان اور یواے ای کے درمیان معاشی تعلقات بہتر ہیں، دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم 8ارب سے زیادہ ہے، اس تجارتی حجم کو بڑھانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

اس سلسلے میں پاکستان کے مختلف شہروں تجارتی وفود سے ملاقاتیں کی ہیں۔ یواے ای کے سفیر نے کہا کہ دونوںممالک کے درمیان پرائیویٹ سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ باہمی تجارت کو فروغ دینے کیلئے پرائیویٹ سرمایہ کاروں کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں پاکستانی سرمایہ کاروں کو یواے ای کی دعو ت دی ہے۔حماد عبید الزاری نے کہا کہ پاکستان میرے دوسرا گھر ہے۔

امید ہے کہ دونوںممالک کے تعلقات مضبوط ہونگے۔اس موقع پر ’’اعتماد ‘‘ کے کنٹری ڈائریکٹر طارق الہی نے یواے ای کے سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اعتماد نے اسلام آباد کے علاوہ دیگر بڑے شہروں میں بھی تصدیق کے دفاتر قائم کردیے ہیں تاکہ پاکستانیوں کو نزدیک ترین سنٹر میں اپنے کاغذات کی تصدیق کروا سکیں۔ انہوںنے کہا کہ اعتماد اپنے ہم وطنوںکیلئے بہتر اور خوشگوار ماحول کو قائم رکھے گا ۔۔۔۔۔۔۔۔ شمیم محمود، نامہ نگار