کرنل جوزف کی امریکہ واپسی ،حکمرانوں کو اس کاخمیازہ بھگتنا پڑے گا،صدر پاسبان پاکستان

منگل 15 مئی 2018 17:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کہا ہے کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی سے پہلے کرنل جوزف کو امریکی دبائو پر عجلت میں امریکہ کے حوالے کرکے پاکستان کی حکومت اور لیڈر شپ نے ذلت آمیز فیصلہ کیا ہے ۔ حکمرانوں کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا ۔شرمناک فیصلہ نے ثابت کردیا کہ قوم کو امریکی غلامی سے نکالنے کے دعوے جھوٹے ہیں ۔

سیاسی لیڈر شپ نے پڑوسی ملک بھارت سے بھی سبق نہیں سیکھا جو اپنی ملازمہ خاتون کے لئے امریکہ کے سامنے ڈٹ جاتا ہے مگر ہمارے حکمران معمولی باتوں پر گھٹنے ٹیک دیتے ہیں ۔الطاف شکور نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس سے لے کر کرنل جوزف تک تمام ذلت آمیز فیصلوںنے قوم کے سر شرم سے جھکا دیئے ہیں ۔ جو حکومتیں اپنی بیٹیوں کی حرمت کا دفاع نہیں کرسکتیں انہیں اقتدار پر رہنے کا حق نہیں ۔

(جاری ہے)

وہ کراچی پریس کلب پر پاسبان کے زیر اہتمام کرنل جوزف کی امریکی حوالگی اور ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی میں مجرمانہ تاخیر کے حوالہ سے منعقدہ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے ۔ مظاہرین نے پلے کارڈ اور بینر اٹھا رکھے تھے جن پر حکمرانوں اور سیاستدانوں کی بے حسی کے خلاف نعرے درج تھے ۔ الطاف شکور نے کہا کہ قوم کی بیٹی 15سالوں سے امریکی قید تنہائی میں ہے ۔

لاتعداد مواقع پر عافیہ وطن واپس آسکتی تھی لیکن حکمرانوں اور سیاستدانوں نے غفلت کا مظاہر کیا اور قومی غیرت پرڈالرز کو ترجیح دی ۔عافیہ کی وطن واپسی کی مجرمانہ تاخیر میں ساری لیڈر شپ ملوث ہے اور قوم مجرمانہ تاخیر پر انہیں معاف نہیں کرے گی ۔الطاف شکور نے کہا کہ سیاستدانوں کے پاس اپنی سیاسی محفلوں، ٹاک شوز ،جلسوں ،جلوسوں اور دھرنوں کے لئے بہت وقت اور سرمایہ ہے لیکن بے حس اور غیرت سے عاری حکمرانوں اور سیاستدانوں نے عافیہ کے نام پرووٹ لے کراسے فراموش کردیا ہے ۔

کرنل جوزف کی واپسی پر چند بیانات سے قوم مطمئن نہیں ہوسکتی ،سیاستدانوں نے بے حسی کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے ۔اب عوام آگے بڑھ کر ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی اور کرپٹ و بے حس سیاستدانوں کے بائیکاٹ کی تحریک برپا کریں گے #