لاہور قلندرز کی شکستوں کے پوسٹ مارٹم کا اعلان

کپتان برینڈ میک کولم کو قیادت کے منصب پر برقرار رکھنے کے حوالے سے فیصلہ ٹیم کریگی ، فواد رانا

منگل 15 مئی 2018 17:38

لاہور قلندرز کی شکستوں کے پوسٹ مارٹم کا اعلان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندر کے مالک فواد رانا نے لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں اپنی ٹیم کی ناکامیوں کا پوسٹ مارٹم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کپتان برینڈ میک کولم کو قیادت کے منصب پر برقرار رکھنے کے حوالے سے فیصلہ ٹیم کرے گی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے ابتدائی دو ایڈیشنز کی طرح تیسرے ایڈیشن میں بھی لاہور قلندرز کی مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ جاری رہا اور اس نے ایک مرتبہ پھر ایونٹ کا اختتام پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر کیا۔

لاہور قلندر کے چیئرمین فود رانا نے ایک انٹرویومیں کہا کہ ہمارا مقصد پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنا ہے اور ہم اب تک پاکستان ٹیم کو پانچ سے چھ کھلاڑی دے چکے ہیں اور کوشش ہے کہ پاکستان کے بنچ پر انٹرنیشنل معیار کے 30 کھلاڑی میسر آ سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے مگر اپنی شکستوں پر پوسٹ مارٹم کریں گے تاکہ جائزہ لے کر مستقبل کیلئے بہتر پلاننگ کی جاسکے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے شائقین خصوصا لاہور کے عوام کی جانب سے دی جانے والی محبت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم لاہور کے عوام کو جوابدہ ہیں اور کوشش ہو گی کہ مستقبل میں کامیابی حاصل کر کے سرخرو ہو سکیں۔رانا فواد نے کہا کہ عمر اکمل بڑے اچھے کھلاڑی اور ہمارے پلاٹینم پلئیر ہیں تاہم انہوں نے پرفارم نہیں کیا تاہم اس کے باوجود ہم نے انہیں عزت دینے کے لیے ہی لیگ کے دوران آرام دیا گیا۔۔