بھارتی وزیر اعظم کے دورہ کشمیر کے خلاف 19مئی کو مکمل ہڑتال اور لال چوک کی طرف مارچ ہوگا، مشترکہ مزاحمتی قیادت

21مئی کو مکمل ہڑتال اورشہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے عیدگاہ سرینگر میں عوامی جلسہ ہوگا

منگل 15 مئی 2018 17:56

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ کشمیر کے خلاف احتجاج کے لیی19مئی کو مکمل ہڑتال اورسرینگر کے تاریخی لال چوک کی طرف مارچ کی کال دی ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مشترکہ مزاحمتی قیادت نے حیدرپورہ میں منعقدہ ایک غیر معمولی اجلاس کے بعد جاری کئے گئے بیان میں کہا کہ بھارت کا وزیر اعظم اس دورے سے دنیا کے ساتھ ساتھ بھارتی عوام کو یہ تاثر دینے کی ناکام کوشش کریں گے کہ کشمیری بھارت کے ساتھ خوش ہیں جبکہ اصل میں صورتحال جہنم زار بنی ہوئی ہے اوربھارت کی قابض افواج نے پورے علاقے بالخصوص شوپیان، اسلام آباد، کولگام اور پلوامہ اضلاع کو میدان جنگ میں تبدیل کردیا ہے۔

(جاری ہے)

مجاہدین کی تلاش کی آڑ میں عام لوگوں کے خلاف جنگی کارروائیاں کی جارہی ہے اور انہیں خوف وہراس میں مبتلا کیا جارہا ہے۔ جنازوں میں شرکت کرنے پرحریت پسند سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف بدنامِ زمانہ کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کا بے دریغ استعمال کرکے انہیںجیلوں میں ڈلا جارہا ہے۔ مشترکہ قیادت نے حریت پسند عوام کے خلاف قتل وغارت کا بازار گرم کرنے، نظربندکشمیریوں پر جسمانی تشدد ڈھانے، اظہارِ آزادئ رائے پر مکمل پابندی عائد کرنے اور انسانی حقوق کی مسلسل پامالیوں کے خلاف 19مئی کو مکمل ہڑتال اورلالچوک میں پُرامن احتجاج کرنے کی اپیل کی ہے۔

مشترکہ مزاحمتی قیادت نے آئندہ کا لائحہ عمل تیار کرنے کے لیے ایک چھ رُکنی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جوتجارتی انجمنوں، بارایسوسی ایشنوں، سول سوسائٹی، ایمپلائز ، ٹرانسپورٹ اورسٹوڈنٹس یونینوں،اوقاف کے اداروں ، دانشوروں، صحافیوں،قلم کاروں اور مذہبی تنظیموں کے سربراہوں سمیت زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے جامع اور وسیع البنیاد مشاورت کے بعد مزاحمتی قیادت کو اپنی تجاویز پیش کرے گی جس کے بعد آئندہ کالائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

مزاحمتی قیادت نے اُمید ظاہر کی کہ حریت پسند عوام پوری یکسوئی، نظم وضبط اور صبرواستقلال کے ساتھ بھارت کی سازشوں کو خاک میں ملا ئیں گے اورتحریک حقِ خودارادیت کو اپنے منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔دریں اثناء مشترکہ مزاحمتی قیادت نے شہید مولوی محمد فارق ، شہید خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کے ایام شہادت کی مناسبت سے 21مئی کو مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل کی ہے جبکہ اس روز شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے عیدگاہ سرینگر میں مزار شہداء پر ایک عظیم عوامی جلسہ منعقد کیا جائے گا اوررواں جدوجہدِ آزادی کو اپنے منطقی انجام تک لے جانے کاتجدید عہد کیا جائے گا۔