شیخوپورہ،بیوی کا خلع لینے پر شوہر نے اپنے تین کم سن بچوں کو قتل کر کے خودکشی کر لی

منگل 15 مئی 2018 17:56

شیخوپورہ۔15 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) تھانہ شاہ کوٹ کے علاقہ کوٹلہ کاہلواں میں فیکٹری مزدور نے بیوی کی طرف سے خلع لینے پر اپنے تین کم سن بچوں کو قتل کر کے خودکشی کر لی ،بتایا گیا ہے کہ مقتول سرفراز احمد کی بیوی عابدہ بی بی نے ایک شخص کے ساتھ ناجائز تعلقات استوار کر رکھے تھے جس کی وجہ سے آئے روز ان کے گھر میں لڑائی جھگڑا رہتا تھا، کچھ عرصہ پہلے عابدہ بی بی نے عدالت کے ذریعے اپنے خاوند سرفراز احمد سے خلع لے لی جس کی وجہ سے گذشتہ روز مقتول سرفرازاحمد نے اپنے 11سالہ بیٹے محمد حسین، 8سالہ بیٹی زینب اور 4سالہ بیٹی شازیہ کو قتل کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا، وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی اوننکانہ بلال عمر ، ڈی ایس پی سرکل ناصر نواز اور ایس ایچ اوشاہ کوٹ الطاف حسین پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے ،پولیس نے تینوں لاشیں قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال بجھوا دیں۔