رمضان المبارک میں صوبہ پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے اہم اقدامات پر عمل در آمد شروع کر دیا ہے،منشاء اللہ بٹ

منگل 15 مئی 2018 17:56

لاہور۔15 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر حکومت نے رمضان المبارک میں صوبہ پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے اہم اقدامات پر عمل در آمد شروع کر دیا ہے، رمضان المبارک کے دوران عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی حکومت کااہم ا مشن ہے، ان مقا صد کیلئے ہر قسم کے ضروری اقدامات کو عمل میں لایا جائیگا، ایسے تمام ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کا موقع پر سخت احتساب کرنا ہو گا جو اس مبارک مہینے کے تقدس کو پامال کرنے کی کوشش کریں گے، انہوں نے کہا کہ تمام بلدیاتی ادارے اور افسران رمضان بازاروں کے انعقاد میں اپنا اپنا مثبت کردار ادا کریں گے اگر اس دوران کسی قسم کی کوتاہی سامنے آئی تو سخت باز پرس ہو گی، انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے ا ن رمضان بازاروں میں اپنے فرائض کیلئے میدان عمل میں آجائیں اور باقاعدگی سے تمام دکانداروں کے باٹوں کے اوزان و پیمائش پر سختی سے چیکنگ کا عمل شروع کریں جہاں کہیں اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی بے ایمانی پائی جائے تو متعلقہ دکاندار کیخلاف موقع پر فوری قانونی چارہ جوئی کی جائے، حکومت عوام کو ماہ صیام کے دوران سستے آٹے کی فراہمی پر 11 ارب روپے کی خطیر رقم کی سبسڈی دیگی، انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف دینے کیلئے صوبہ بھر میں 300 سے زائد سستے رمضان بازار لگائے جائیں گے جبکہ 32 ماڈل بازار بھی سستے رمضان بازاروں کے طور پر کام کریں گے، فری سحر و افطارکیلئے صوبہ بھر میں 2 ہزار دسترخوان لگائے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ سستے رمضان بازاروں میں دالیں، گھی، چینی، پھل اور سبزیاں سستے داموں دستیاب ہوں گی، سستے رمضان بازاروں میں زرعی فیئرپرائس شاپس بھی قائم کی جائیگی اور ان زرعی فیئر پرائس شاپس پر دالیں اور سبزیاں مارکیٹ سے ارزاں نرخوں پر دستیاب ہوں گی، انہوں نے کہا کہ تمام بلدیاتی افسران گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک کے دوران عوام کو اشیائے خورد و نوش سستے داموں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کریں گے، رمضان بازاروں میںسکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں گے، اشیائے ضروریہ کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنائی جائے اور کسی چیز کی قلت کی شکایت پیدا نہیں ہونی چاہئے، رمضان بازاروں اور عام مارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ، پھلوں، سبزیوں اور دالوں کی قیمتیں نمایاں طور پر آویزاں ہونگے اور عوام کی سہولت کیلئے ڈیجیٹل پرائس بورڈ لگائے جائیں گے، گرمی کے پیش نظر رمضان بازاروں میں خرایداروں کی سہولت کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں گے اور پارکنگ کا بھی مناسب انتظام کیا جائیگا، انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں میں استحکام اور کمی کا رجحان دیکھنے میں آنا شروع ہو گیا ہے۔