ارسا کی ایڈوائزری کمیٹی کا ہنگامی اجلاس

خریف سیزن کیلئے پانی کی 42 فیصد تک کمی ہو گی،آبی ذخائر میں پانی کی آمد توقعات سے 15 فیصد کم رہی ہے،ارسا

منگل 15 مئی 2018 17:58

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) ارسا نے کہا ہے کہ خریف سیزن کیلئے پانی کی 42 فیصد تک کمی ہو گی۔ منگل کو ارسا کی ایڈوائزری کمیٹی کا ہنگامی اجلاس چیئرمین احمد کمال کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سندھ، بلوچستان، پنجاب کے ارسا کے ممبران، چیف انجینئر، ہائیڈرولوجی واپڈا، ڈائریکٹر محکمہ موسمیات، سندھ کے مشیر آب پاشی، پنجاب کے آب پاشی کنسلٹنٹ، چیف انجینئر منگلا، ڈائریکٹر زراعت سندھ اور چیف انجینئر خیبر پختونخوا نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ آبی ذخائر میں پانی کی آمد توقعات سے 15 فیصد کم رہی ہے اور پانی کی آمد 79 لاکھ ایکڑ فٹ رہی ہے جبکہ توقع 93 لاکھ 20 ہزار ایکڑ فٹ تھی۔ محکمہ موسمیات کے حکام نے اجلاس کو بتایا کہ موجودہ صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور مون سون کا سیزن وسط جون میں شروع ہونے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

واپڈا کے نمائندے نے اجلاس کو بتایا کہ موسم سرما میں بالائی علاقوں میں 50 فیصد کم برف باری ہوئی ہے۔

اجلاس کے شرکاء نے ملک میں پانی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے نئے ڈیم تعمیر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں گدو اور دیگر بیراجوں سے پانی کے اخراج کے معاملے کا جائزہ لینے کیلئے ارسا کے ڈائریکٹر آپریشن کی سربراہی میں کمیٹی بھی قائم کر دی گئی جس کے ممبران پنجاب اور سندھ کے ڈائریکٹرز ریگولیشن شامل ہوں گے۔