ڈاکٹرز کو انسانیت کی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہوکر معاشرے کے تمام افراد کو بلاتفریق یکساں طبی سہولیات اور علاج معالجہ فراہم کرنا چاہئے

صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان میرپور میں بینظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج کے کانووکیشن سے خطاب

منگل 15 مئی 2018 18:01

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ شعبہ طب انسانیت کی خدمت کا شعبہ ہے اور ڈاکٹرز کو خدمت کے جذبہ سے سرشار ہونا چاہئے اور معاشرے کے تمام افراد کو بلارنگ و نسل، قبیلہ اور بلاتفریق عہدہ کے یکساں طبی سہولیات اور علاج معالجہ فراہم کرنا چاہئے۔ منگل کو میرپور میں بینظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج کے پہلے کانووکیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے فارغ التحصیل ہونے والے ڈاکٹرز سے کہا کہ آپ نے اپنی زندگی کا ایک اہم سنگ میل طے کر لیا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ آج ایک نئے سفر کا آغاز کر رہے ہیں اور یہ سفر دکھی انسانیت کی خدمت کا سفر ہے، آپ جس قدر اپنے اپنے شعبہ میں پیشہ وارانہ صلاحیت کو مضبوط کریں گے اتنا ہی معاشرہ آپ کے علم اور آپ کے ہنر سے مستفید ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ (آج )ہم آزادکشمیر میں صحت کے شعبہ میں انقلابی بنیادوں پر مثبت تبدیلیاں لا رہے ہیں اور آزاد کشمیر کے ہر ڈویژن کی سطح پر ہسپتال قائم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف ہم طبی سہولیات کو فروغ دے رہے ہیں بلکہ طب کے شعبہ میں سپیشلائزیشن پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی حکومت مختلف قومی اور بین الاقوامی اداروں کی مدد سے آزادکشمیر کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں ٹیلی میڈیسن کو متعارف کرائے گی۔

انہوں نے اس امر پر اپنی خوشی کا اظہار کیا کہ بینظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔ صدر نے کہا کہ انہیں قوی امید ہے کہ اس کالج کے فار غ التحصیل طلباء آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی اور بالخصوص شعبہ طب میں کمال مہارت سے اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزادجموں وکشمیر میں بہت جلد ایک میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے جو وقت کی اہم ضرورت ہے۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اس وقت آزادکشمیر میں تین میڈیکل کالج طلبہ کو طب کے شعبہ میں تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہے ہیں اس سے نہ صرف آزاد کشمیر میں ڈاکٹرز کی کمی پوری ہوگی بلکہ یہ ڈاکٹرز بیرون ملک سپیشلائزیشن کرنے کے بعد ریاست کے زرمبادلہ میں بہترین اضافہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کے متعین کردہ شعبہ صحت کے اہداف سے ہم مستفید ہونگے اور ریاست میں شعبہ صحت کو مزید مضبوط اور مستحکم بنائیں گے اور یہاں کے بسنے والے لوگوں کو معیاری اور سستے علاج معالجہ کی سہولیات مہیا کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھائیں گے۔

اس کانووکیشن سے آزادکشمیر جموں وکشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں بینظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر عمرا ن اعظم بٹ نے کالج کی کارکردگی کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔ صدر آزاد کشمیر نے امتیازی پوزیشنز لینے والے طلباء و طالبات میں گولڈ میڈل ، سرٹیفکیٹ اور اسناد کی تقسیم کی۔ اس موقع پر سول سوسائٹی، ذرائع ابلاغ ، ضلعی انتظامیہ، اساتذہ کرام، مختلف یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز اور کثیر تعداد میں طلباء کے والدین نے بھی شرکت کی۔