اقوام متحدہ پاکستان کو عالمی کٹہرے میں کھڑا کرنا کے لئے پر تول رہا ہے ، کنور محمد دلشاد

نواز شریف اپنی کھربوں کی دولت بچانے کیلئے دائو پیچ کھیل رہے ہیں،خطاب

منگل 15 مئی 2018 18:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) نواز شریف کا حالیہ انٹرویو قومی سانحہ سے کم نہیں ،اور یہ ایک ایساسانحہ ہے جس کے نہ صرف بین الاقوامی سطح پر اثرات مرتب ہونگے بلکہ بھارت کو بھی ایک ایسا ہتھیار ہاتھ آ گیا ہے کہ اس انٹرویو کے بعد بھارت کے سرجیکل حملے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا جبکہ پاکستان کو اقوام متحدہ کی طرف سے طلب کئے جانے کے بھی قوی امکانات موجود ہیں ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی سیکر ٹری الیکشن کمیشن آٖف پاکستان و چیئرمین نیشنل ڈیمو کریٹک فائونڈیشن کنور محمد دلشاد نے کیا وہ نیشنل ڈیمو کریٹک فائونڈیشن کے زیر اہتمام خواتین کا الیکشن میں کردار کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے حالیہ انٹرویو سے جگ ہنسائی ہوئی، خبریں گردش کر رہی ہیں کہ نواز شریف کا انٹرویو امریکہ میں تیار ہوا،ان کے غیر ذمہ دارانہ انٹرویو کے بعد بھارت کے سرجیکل حملے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا جبکہ اقوام متحدہ بھی پاکستان کو عالمی کٹہرے میں کھڑا کرنے کے لئے پر تول رہا ہے ۔

(جاری ہے)

نواز شریف اپنی کھربوں کی دولت بچانے کیلئے اپنے دوست ممالک سے انہونی سٹریٹجک کروانے کے لئے دائو پیچ کھیل رہے ہیں ،اگرایسے ترشیدہ حملوں سے مملکت پاکستان کو خطرات لاحق ہوئے تو جمہوری عمل میں رخنے پید اہو جائیں گے ۔کنور محمد دلشاد نے خواتین کے الیکشن میں کردار پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ایکٹ 2017کے تحت تمام سیاسی جماعتیں قانونی طور پر پابند ہیں کہ خواتین کو 5 فیصد کوٹہ کے تحت ٹکٹ ایوارڈ کئے جائیں گر افسوس کہ سیاسی جماعتوں نے بد نیتی کے تحت ایسا فارمولہ بنالیا ہے جس میں خواتین کو ان حلقوں سے ٹکٹ دئے جائیں گے جہاں سے جیتنے کے چانسز انتہائی کم ہونگے ۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن وقت پر ہونگے اور انتخابات 25,26,27جولائی کو ہونے کے امکانات ہیں ،حتمی نتائج آنے کے بعد 14دنوں کے اندر اندر قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کا اجلاس ہو جائے گا ،12اگست کو پارلیمنٹ کا اجلاس اور14اگست کو وزیر اعظم کا انتخاب عمل میں لایا جا سکتا ہے ۔ خواتین کو چاہئے کہ وہ سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور پارلیمانی بورڈز سے رابطہ کر کے ایسے حلقوں سے انتخابات کے لئے ٹکٹ حاصل کریں جہاں سے جیتنے کے چانسز ذیادہ ہوں ۔

کنور محمد دلشاد نے چیف الیکشن کمشنر جسٹس محمد رضا کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ قومی انتخابات افواج پاکستان کی نگرانی میں ہونے چاہئیں ۔ خواتین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے مگر افسوس کے پاکستان کے کئی علاقوں میں خواتین کے لئے ووٹنگ کا عمل انتہائی دشوار ہے ،الیکشن کمیشن آف پاکستان کو چاہئے کہ خواتین کے لئے ووٹنگ کے عمل کو آسان اور محفوظ بنائیں تاکہ خواتین اپنے حق کا بہترین استعمال کر سکیں ۔