ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد کے سی سی یو وارڈ کی چھت سے بارش کا پانی ٹپکنے لگا، مریض انتظامیہ کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے

منگل 15 مئی 2018 18:03

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد کے سی سی یو وارڈ کی چھت سے بارش کا پانی ٹپکنے لگا، بارش کا پانی ٹپکنے سے سی سی یو میں دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کے مانیٹر بند ہو گئے، اس سے پہلے بھی سی سی یو میں پانی آ چکا ہے، پانی آنے پر سی سی یو میں داخل مریض اور ان کے لواحقین ہسپتال انتظامیہ اور صوبائی حکومت کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے، مریضوں نے ہسپتال کی حالت زار کو بہتر بنانے کا مطالبہ کر دیا۔

(جاری ہے)

ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد کے سی سی یو جہاں پر ہارٹ اٹیک سمیت دل کے عارضہ میں مبتلا مریضوں کو رکھ کر انہیں مانیٹر لگا کر چیک کیا جاتا ہے، گذشتہ رات بارش کے بعد ہسپتال کے سی سی یو وارڈ کی چھتوں سے بارش کا پانی ٹپکنے لگا جس سے مریضوں کو لگائے گئے مانیٹر بند ہو گئے۔ اس سے پہلے بھی سی سی یو وارڈ میں پانی آ چکا ہے لیکن ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے سی سی یو کو ٹھیک کرنے پر کوئی توجہ نہین دی گئی۔ ہسپتال انتظامیہ سی سی یو اور کارڈیک وارڈ کو منتقل کرنے کا اعلان کر چکی ہے لیکن اب گائنی اور پیڈز ہسپتال سے باہر منتقل ہونے کے باوجود سی سی یو اور کارڈیک وارڈ کو دوسرے وارڈ میں منتقل نہیں کیا جا رہا۔ وارڈ میں پانی آنے کے بعد مریضوں اور ان کے لواحقین میں افراتفری مچ گئی۔