Live Updates

ضمنی بجٹ کی دستاویز نے سادگی اپنانے کی دعویدار پنجاب حکومت کے دعوئوں کی قلعی کھول دی ‘ تحریک انصاف

ارب کے ڈاکے پر اب اسمبلی کی مہر ثبت کرائی جائیگی ،نظر ثانی شدہ تخمینہ جات کے بعد خسارے کا بجٹ بن گیا انتخابات کے بعد تحریک انصاف پنجاب کا بجٹ بنائیگی،عوام کو صحت ، تعلیم، پینے کے صاف پانی کی فراہمی ترجیح ہو گی ‘ مسرت چیمہ

منگل 15 مئی 2018 18:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ ضمنی بجٹ کی دستاویز نے سادگی اپنانے کی دعویدار پنجاب حکومت کے دعوئوں کی قلعی کھول دی ہے ،عوام کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں جبکہ کرپشن میں تیرتی ہوئی صاف پانی کمپنی کو مزید 26کروڑ94ہزار روپے کی ادائیگی کر دی گئی ،ضمنی بجٹ کے نام پر عوام کی جیبوں پر 85ارب روپے کا ڈاکہ ڈالا گیا ہے اوراب اس پر اسمبلی سے مہر ثبت کرائی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل کی ممبر مسرت جمشید چیمہ نے پارٹی دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ نظر ثانی شدہ تخمینہ جات کے بعد رواں مالی سال کا بجٹ خسارے کا بجٹ بن گیا ہے جس سے تجربہ کار حکمرانی کا پردہ چاک ہو گیا ہے ۔

(جاری ہے)

یہ عجیب معاملہ ہے کہ مالی سال کے لئے کھربوں روپے کے بجٹ کا کوئی حساب کتاب نہیں دیا جاتا جبکہ حکمران اس کے ساتھ ضمنی بجٹ کے نام پر بھی اربوں روپے کے اضافی اخراجات کر کے اسمبلی سے اس پر قبولیت کے مہر ثبت کرا لیتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اگر ضمنی بجٹ دستاویز کا جائزہ لیا جائے تو اس میں عوامی فلاح کے کسی منصوبے کیلئے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا بلکہ وزیر اعلیٰ کے سکواڈ کے لئے ڈبل کیبن گاڑیاں خریدی گئیں ، اس صاف پانی کمپنی کوکروڑوں روپے فراہم کئے گئے جو کرپشن میں تیر رہی ہے ،اسی طرح لندن میں صوفی میوزیکل شو کے لئے بھی اخراجات کر دئیے گئے ،ضمنی بجٹ کی دستاویز سے تو بالکل بھی ثابت نہیں ہوتا کہ عوام حکمرانوں کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشا اللہ آئندہ عام انتخابات کے بعد تحریک انصاف پنجاب کا بجٹ بنائے گی اور عوام کو صحت ، تعلیم، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور زراعت پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات