ضلعی انتظامیہ اور سرچ فار جسٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد

معاشرے کے ہر فرد کو چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ‘ایگزیکٹو ڈائریکٹر افتخار مبارک

منگل 15 مئی 2018 18:09

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) ضلعی انتظامیہ قصوراور سرچ فار جسٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے ایک روزہ ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں کیا گیا ۔ جس میں ضلعی افسران ‘ممبران ضلعی چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی اور دیگر نے شرکت کی ۔ اس موقع پر سرچ فار جسٹس آرگنائزیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر افتخار مبارک نے شرکا ء کو چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے انکے کردار بارے بریفنگ دی ۔

انہوں نے بتایا کہ معاشرے کے ہر فرد کو چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔والدین اپنے بچوں کی تعلیمی و غیر نصابی سرگرمیوں ‘مختلف لوگوں کے بار ے میں بچوں کی پسند اور ناپسند ‘دوستوں کے انتخاب اور جاننے والے لوگوں کیساتھ انکے تعلقات پر گہری نظر رکھیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ والدین اپنے بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن کے بنیادی اصولوں سے آگاہ کریں تا کہ بچوں کے اندر اپنی حفاظت آپ کرنے کا جذبہ پیدا ہو۔

انہوں نے کہا کہ آج کے اس گہما گہمی کے دور میں ہم اپنے بچوں سے اس قدر دور ہو چکے ہیں کہ ہم انکی پسند اور نا پسند سے بھی مکمل ناواقفیت رکھتے ہیں اور ہمارے پاس اتنا وقت نہیں ہے کہ ہم اپنے بچوں کے سکولوں میں جا کر انکے اساتذہ اورساتھی طلباء و طالبات بارے جان سکیں ۔ اسی طرح ہم دیگر جاننے والے لوگوں مثلاًعزیز رشتے داروں ‘سکول چھوڑنے والے رکشتہ ڈرائیور ز‘سکول چوکیدار ‘کنٹین مالکان و ملازمین ‘محلے کے دوکانداروں‘محلے داروں وغیرہ کے بچوں کیساتھ تعلقات پر گہری نظر نہیں رکھتے ۔

یہی وجہ ہے کہ سماج دشمن عناصر پیار محبت کا سہارا لیکر معصوم بچوں سے تعلقات استوار کر لیتے ہیں جو بعدازاں نقصان کا باعث بنتے ہیں ۔ اس لئے ہم سب کو چاہیے کہ اپنے بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن کے بنیادی اصولوں سے آگاہ کریں انہیں گڈ ٹچ اور بیڈ ٹچ بارے بتائیں ۔اسی طرح اپنے بچوں سے ایسے دوستانہ مراسم قائم کریں کہ وہ اپنی ہر بات آپ سے شیئر کریں ۔

متعلقہ عنوان :