چائنا پاکستان اسپیشل اکنامک زون دھابیجی میں لا جسٹکس پارک کے قیام کے لئے سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ اور این ایل سی میں معاہدہ

منگل 15 مئی 2018 18:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) سندھ میں لاجسٹکس پارک کے قیام کے لئے آج سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ اور نیشنل لاجسٹکس سیل کے مابین مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط کئے گئے۔یہ لاجسٹکس پارک پاک چائنا خصوصی اقتصادی زون دھابیجی۔ٹھٹھہ میں قائم کیا جائے گا۔مفاہمت کی اس یاد داشت پر این ایل سی کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل مشتاق احمد فیصل اور ایس بی آئی کی چیئر پرسن ناھید میمن نے سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ کے دفتر میں منعقد کی گئی ایک سادہ اور پروقار تقریب میں دستخط کئے۔

معاہدے کے تحت دونوں فریق این ایل سی اور ایس بی آئی پاک چائنا اسپیشل اکنامک زون دھابیجی کی فزیبیلیٹی رپورٹ اور ماسٹرپلان کے مطابق یہاں لاجسٹکس پارک کے قیام کے لئے تعاون اور مل کر کام کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئر پرسن ایس بی آئی ناہید میمن نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان میں تیز تر معاشی ترقی کے دروازے کھول رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ این ایل سی کے ساتھ اس معاہدے سے صوبہ سندھ میں معاشی ترقی،اور خوشحالی کا پہیہ تیزی سے آگے بڑھے گا۔

این ایل سی کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل مشتاق احمد فیصل نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی زون صنعتی ترقی میں نہایت اہمیت کے حامل ہیں اور اثاثے کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے لاجسٹکس کے ضمن میں این ایل سی کی خدمات پر روشنی ڈالی اور دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کو ملکی صنعتی ترقی کے لئے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔اس موقع پر ممتاز صنعتکار عارف حبیب اور چیئر مین ٹی سی ایس پرائیویٹ لمیٹڈ خالد نواز اعوان نے بھی گفتگو کی اور اپنی تجاویز و آراء پیش کیں۔تقریب میں این ایل سی کے بریگیڈیئر ناصر محمود،بریگیڈیئر ابرار محبوب،بریگیڈیئر توقیر افسر،بریگیڈیئر(ریٹائرڈ)شبیر حسین،کر نل عامر خان اور دیگر افسران جبکہ سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ کے افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :