رمضان المبارک میں ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں ،مسلم لیگ (ن)کراچی ڈویژن

ماہ مقدس کی آمد سے قبل شہر میں ٹریفک جام کی بدترین صورت حال حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،حاجی شاہجہاں ،نور خان اخونزادہ شدید گرمی کے موسم میں روزہ داوں کو ریلیف پہنچانے کے لیے کے الیکٹرک لوڈ شیڈنگ میں کمی اور شیڈول تبدیل کرے ،عبدالرحیم اعوان

منگل 15 مئی 2018 18:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے نائب صدر حاجی شاہجہاں ،جوائنٹ سیکرٹری نور خان اخونزادہ اور لیبر ونگ سندھ کے جنرل سیکرٹری عبدالرحیم اعوان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کی آمد سے ہی قبل شہر میں ٹریفک جام کی بدترین صورت حال ہے ۔جگہ جگہ کھدائی کیے جانے کی وجہ سے شہر کی اہم ترین سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی نظر آتی ہیں اور شہری منٹوں کا گھنٹوں میں طے کرنے پر مجبور ہیں ۔

رمضان المبارک میں ٹریفک کی روانی یقینی بنانے اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر کنٹرول کے لیے مربوط پالیسی مرتب کی جائے ۔ماضی کی طرح اگر اس مرتبہ بھی صوبائی اور بلدیاتی حکومت نے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا تو رحمتوں کا یہ مہینہ شہریوں کے لیے زحمت میں تبدیل ہوسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

شدید گرمی کے موسم میں روزہ داوں کو ریلیف پہنچانے کے لیے کے الیکٹرک لوڈ شیڈنگ میں کمی کرے اور ایسا شیڈول مرتب کیا جائے جس میں روزے کے اوقات میں بجلی کی بندش نہ ہوسکے ۔

منگل کو جاری بیان میں مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک مسلمانوں کے لیے اللہ تعالیٰ کا خاص تحفہ ہے ۔دنیا بھر کے مسلمان اس ماہ مقدس میں اللہ تعالیٰ کی رحمتیں سمیٹنے کے لیے روزے رکھتے ہیں اور تروایح کے اجتماعات منعقد کیے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ بدقسمتی سے ملک کے سب سے بڑے شہر میں صوبائی و بلدیاتی حکومت اور انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی کے باعث رمضان المبارک میں ٹریفک جام سمیت دیگر سنگین مسائل جنم لیتے ہیں اور ایسی بھی نوبت آجاتی ہے کہ شہریوں کو سڑکوں پر ہی افطار کرنا پڑتی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد سے ہی قبل شہر میں ٹریفک جام کی بدترین صورت حال ہے ۔جگہ جگہ کھدائی کیے جانے کی وجہ سے شہر کی اہم ترین سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی نظر آتی ہیں اور شہری منٹوں کا گھنٹوں میں طے کرنے پر مجبور ہیں ۔انہوںنے کہا کہ بغیر کسی حکمت علی کے کام شروع کرنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور رمضان المبارک میں یہ صورت حال مزید خراب ہوسکتی ہے اس لیے ضروری ہے کہ شہری انتظامیہ اور حکومت مشترکہ طور پر رمضان المبارک کے لیے ٹریفک پلان مرتب کریں جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ رمضان المبارک میں اشیا خوردنوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کردیا جاتا ہے جو کہ افسوسناک صورت حال ہے ۔انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ قیمتوں پر کڑی نظر رکھے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ روزہ داروں کو مناسب قیمتوں پر اشیا خوردنوش مل سکیں ۔انہوںنے کہا کہ شدید گرمی کے موسم میں کے الیکٹرک نے شہریوں کا جینا محال کیا ہوا ہے ۔

چند سال قبل ہیٹ اسٹروک سے ہونے والی ہلاکتوں میں کے الیکٹرک برابر کی ذمہ داری ہے ۔اس سال بھی محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک میں ہیٹ اسٹروک کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔کے الیکٹرک نے روزے کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کے سلسلے جاری رکھا تو صورت حال سنگین ہوسکتی ہے ۔کے الیکٹرک انتظامیہ رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ کے دورانیہ کو تبدیل کرے اور کوشش کی جائے کہ روزے کے اوقات کار میں لوڈشیڈنگ نہ کی جائے ۔