چیف کمشنر اسلام آباد آفتاب اکبر درانی کی ترلائی میں کھلی کچہری ، لوگوں کے مسائل سنے ، شکایات کے ازالہ کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے

منگل 15 مئی 2018 18:29

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) چیف کمشنر اسلام آباد آفتاب اکبر درانی نے منگل کو ترلائی میں کھلی کچہری لگائی اور لوگوں کے مسائل سنے اور موقع پر شکایات کے ازالہ کیلئے احکامات جاری کئے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر) مشتاق احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کامران علی چیمہ اور تمام متعلقہ محکموں کے سربراہ موقع پر موجود تھے۔

چیف کمشنر اسلام آباد نے اس موقع پر لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے عوامی شکایات کے ازالہ کیلئے کھلی کچہری ترلائی ریونیو سنٹر میں لگائی ہے تاکہ لوگوں کے مسائل ان کے گھر کی دہلیزپر حل کریں اور انہیں ریلیف فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے کھلی کچہریاں لگائیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آبا د نے لوگوں کے مسائل سنے اور متعلقہ محکموں کو ان کے فوری حل اور شکایات کے ازالہ کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔

چیف کمشنر اسلام آباد نے بعد ازاں ترلائی ریونیو سنٹر کا دورہ کیا اور ریونیو سنٹر کی کارکردگی اور لوگوں کی مشکلات کے ازالہ کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے ریونیو اسٹاف کو ہدایت کی کہ اراضی ریکارڈ کا فرد اصل مالک کو فوری جاری کیا جائے۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے ہدایت کی جمع بندیوں اور انتقالات کے باقی ماندہ کام کو تیز ی سے مکمل کیاجائے۔

انہوں نے ریونیو عملے کو ہدایت کی دوران ڈیوٹی ٹائم اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے ہدایت کی کہ ریونیو اہلکار اپنے سرکل میں موجودرہیں اور کہیں ڈیوٹی کیلئے جانا ہو تو نوٹس بورڈ پر ٹائم بتائیں جب وہ موجود ہونگے تاکہ لوگوں کو مشکل نہ ہو۔ انہوں نے ریونیو اہلکاروں کو ہدایت کی کہ ریونیو معاملات میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے ۔

کسی بھی شکایت پرسخت کارروائی ہو گی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے بتایاکہ لوگوں کو فرد کا اجراء ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں کر دیا جاتا ہے اور پٹواری اپنے پٹوار سرکل میں موجود ہوتے ہیں ۔ پٹواریوں کی تعداد بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے رورل ہیلتھ سنٹر ترلائی کا بھی دورہ کیا اور عملے کو ہدایت کی ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور لوگوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں ۔

بعدازاں چیف کمشنر اسلام آباد نے مارکیٹ کمیٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام تعمیر کردہ ترلائی ماڈل بازار کا دورہ کیا اور مارکیٹ کمیٹی اسلام آباد کی جانب سے لوگوں کو کھانے پینے کی سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی کے لئے کوششیں کو سراہا اور ہدایت کی بازار میں اسٹال کی الاٹمنٹ میرٹ پر ہو اور اس میں چھوٹے کسانوں کو ترجیح دی جائے ۔

متعلقہ عنوان :