آزاد کے سینئر وزیر چودہری طارق فاروق کی وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری محمد برجیس طاہر سے ملاقات

منگل 15 مئی 2018 18:44

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) آزاد جموں و کشمیرحکومت کے سینئر وزیر چودہری طارق فاروق نے منگل کو یہاں وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری محمد برجیس طاہر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے حالیہ پر تشدد کارروائیوں سے پیدا ہونے والی صورتحال، علاقائی امن اور آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالہ سے بات چیت کی گئی۔

وفاقی وزیر نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جعلی پولیس مقابلوں میں نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کی شدید الفاط میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کیلئے جو منظم کارروائی کر رہا ہے، اس میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت ظلم و تشدد کے تمام حربے آزما رہا ہے اور کشمیریوں کی حق خودارادیت کو کچلنے کیلئے جس درندگی کا مظاہرہ کر رہا ہے اُس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ ایل او سی کے دونوں اطراف بھارت کی جارحیت اور جنگی جنون علاقائی امن کیلئے انتہائی خطر ناک ہے جو کسی بڑے سانحے کا پیش خیمہ بن سکتا ہے۔ملاقات میں آزاد کشمیر کے سینئر وزیر نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ بھر پور یکجہتی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایل او سی کے دونوں اطراف کشمیری بھارت کے ظلم و تشدد اور جارحیت کا بڑے حوصلہ اور عزم سے مقابلہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ سمجھ لینا چاہئے کہ وہ اپنے تمام حربوں کے باوجود نہ تو پچھلے 70 سال میں کشمیریوں کو حق خودارادیت کے پیدائشی حق سے دستبردار کرا سکا ہے اور نہ ہی آئندہ آنے والے وقت میں وہ اس حق کے حصول میں کشمیریوں کے اس عزم میں کمی لا سکے گا۔ آزاد کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے آزادکشمیر کے وسائل میں بے پناہ اضافہ کیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ نہ صرف آزادکشمیر کا ترقیاتی بجٹ اس عرصہ میں دوگنا کیا گیا بلکہ اس سال کے بجٹ میں بھی آزادکشمیر کیلئے ترقیاتی فنڈز میں مزید اضافہ کیا گیا ہے اور پی ایس ڈی پی کے منصوبوں کے تحت بھی آزادکشمیر میں اربوں روپے کے وسائل خرچ کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف کی کوششوں سے آزادکشمیر کو وسائل کی فراہمی سے آزادکشمیر میں ترقی وخوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے اور ان وسائل کے بہترین استعمال سے آزادکشمیر کو پاکستان کا خوشحال ترین خطہ بنایا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر چوہدری طارق فاروق نے محمدنوازشریف کی آزادکشمیر سے خلوص پر اُن کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ آزادکشمیر کے عوام بھی محمد نواز شریف سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وسائل کی فراہمی کے حوالے سے جو فراخدلی مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت نے دکھائی ہے وہ پچھلے ستر سالوں میں کسی سیاسی جماعت نے نہیں دکھائی ،نوازشریف اور مسلم لیگ (ن) کی ان مخلصانہ اور عوام دوست پالیسیز کی وجہ سے آزادکشمیر بھی دیگر علاقوںکی طرح مسلم لیگ(ن) کا گڑھ بن چکا ہے۔

انہوں نے وفاقی وزیر اُمور کشمیر کی آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں دلچسپی پر اُن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اُن کے پانچ سالہ دور حکومت میں آزادکشمیر کے عوام کو بے پناہ وسائل سے نوازا گیا ہے اور آزادکشمیر کی عوام اُن کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔