بلدیہ عظمیٰ لاہور کا18واں اجلاس ،مختلف قرار داد یں پیش کی گئیں

رمضان سے قبل مہنگائی کو کس نے کنٹرول کرنا ہے ، پی ٹی آئی کے ممبران کے ترقیاتی کام نہیں ہو رہے ‘قائد حزب اختلافعفیف اشرف صدیقی

منگل 15 مئی 2018 18:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) بلدیہ عظمیٰ لاہور کا18واں اجلاس جناح ہال میں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت مہر محمود احمد ڈپٹی میئر /سپیکر نے کی ۔مہر محمود احمد نے رمضان المبارک کی آمد کے حوالے سے دعائے خیر کروائی ۔ اجلاس میں مختلف قرار داد یں پیش کی گئیں ۔عفیف اشرف صدیقی قائد حزب اختلاف نے کہا کہ رمضان کی آمد آمد ہے ۔

دکانداروں نے اپنے طور پر مہنگائی کر دی ہے ۔مہنگائی کو کس نے کنٹرول کرنا ہے ۔ پی ٹی آئی کے ممبران کے ترقیاتی کام نہیں ہو رہے ۔ اور نہ ہی ان کو سٹریٹ لائٹس دی گئی ہیں ۔ پورے لاہور میں تجاوزات کی بھرمار ہے ۔ خالد فاروق کھوکھر چیئرمین نے کہا کہ میرے علاقہ میں ترقیاتی کام نہیں ہو رہے ۔ غلام حسین بھٹی نے کہا کہ میرے علاقے چونگی امر سدھو میں بھینسیں واپس آگئی ہیں ۔

(جاری ہے)

گوبر کی وجہ سے سیوریج سسٹم خراب ہو چکا ہے ۔ اس کا تدارک کیا جائے ۔ میاں محمد طارق ڈپٹی میئر نے قرارداد پیش کی کہ نیازی شہید چوک سے بابو صابو انٹر چینج ٹول ٹیکس ختم کیا جائے جسے منظور کر لیا گیا ۔ اجلاس میں مقصود گجر چیئرمین یونین کونسل نے کہا کہ میرے لیڈ ر نوازشریف کے خلاف الزامات لگائے جارہے ہیں میں اس کی بھرپور مذمت کرتا ہوں ۔ سرفراز وسیم ڈسٹرکٹ ممبر نے رمضان کی مبارکباد دی ۔

رانا احمد سعید چیئرمین یونین کونسل نمبر 266نے قرار داد پیش کی کہ میری یونین کونسل کا دفتر محلہ احمد آباد میں کرایہ پر ہے جبکہ ویٹرنری ہسپتال میں سلاٹر ہائوس کی سرکاری جگہ خالی ہے ۔ اس یونین کونسل کے دفتر کو ویٹرنری ہسپتال میں تعمیر کروایا جائے تاکہ کرایہ سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکے ۔ چوہدری غیاث النبی میو چیئرمین یونین کونسل نمبر 196نے اپنی قرار داد میں کہا کہ نئی یونین کونسل کا دفتر بنانے کے لئے فنڈز دئیے جائیں ۔

اس کے علاوہ فلٹریشن پلانٹس کی دیکھ بھال کے لئے جو عملہ ہے اسے تبدیل کیا جائے ۔ غزالہ نصرت بیگ ، ڈسٹرکٹ ممبر نے قرار داد پیش کی کہ لیاقت چوک کے سگنل خراب ہیں ٹریفک کا بہت رش ہوتاہے جس کی وجہ سے ایکسیڈنٹ کا ہر وقت خوف رہتا ہے ۔ ٹریفک کے ذمہ دار اہلکاران کی ڈیوٹی لگائی جائے۔ چوہدری تنویر نثار گجر ، چیئرمین یونین کونسل 236، گرین ٹائون کی جانب سے قرار دادموصول ہوئی جس میں انہوں نے کہا کہ گرین ٹائون میں سرکاری جگہ پر دستکاری سکول اور منصوبہ بندی سینٹر موجود ہے جو کہ عرصہ دراز سے بند پڑا ہے اس میں عملہ تعینات کرکے فرنیچر اور مشینیں مہیا کی جائیں ۔

تاکہ خواتین اور بچیاں اس دستکاری سکول سے ہنر مند ہو کر نکلیں۔ نیز اسی یونین کونسل میں 12عدد پارکس ہیں جو کہ پی ایچ اے کی زیر نگرانی ہیں ان کی حالت انتہائی نا گفتہ بہ ہے ۔ انیلہ ساجد بیگ ڈسٹرکٹ ممبر نے قرار داد پیش کی کہ شہر میں کھلے عام بوتلوں میں پٹرول تو پہلے ہی بیچا جارہا تھا اب دوکانداروں نے گرین ٹائون ، مریم کالونی اور کالج روڈ کے اطراف میں چھوٹی چھوٹی دکانوں میں پٹرول ڈالنے والے ڈسپنسر لگا دئیے ہیں جو کہ نہ صرف غیر قانونی ہیں بلکہ کسی بہت بڑے حادثے کا موجب بھی بن سکتے ہیں ۔

میری گزارش ہے کہ ان کے خلاف فوری کارروائی کرکے مال و جان کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے ۔ کرنل (ر) مبشر جاوید لارڈ میئر نے بحث کو سمیٹتے ہوئے کہا کہ میں گراس روٹ لیول تک اختیارات دینے کے لئے پوری کوشش کر رہا ہوں ۔ چیئرمین یوسی کے فنانشل اختیارات میں 53دستکاری سکول کیلئے فنڈز رکھے جارہے ہیں ۔ ترقیاتی کاموں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جو ممبر زیادہ محنت کرتاہے وہی زیادہ فنڈز حاصل کرتا ہے۔ لہذا محنت سے کام کریں اپنے ووٹرز کو عزت دیں اور اُن کا اعتماد حاصل کریں۔