اسرائیلی فوج کا نہتے فلسطینیوں کو گولیوں کا نشانہ بنانا بد ترین دہشت گردی ہے۔ جما عت اہلسنّت

منگل 15 مئی 2018 19:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) جما عت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ شاہ عبد الحق قادری،عبد الحفیظ معارفی،مولانا عبد الوہاب قادری،مفتی فیض الہادی،سید رفیق شاہ، پیر عبد القادر شیرازی نے مشترکہ بیان میں فلسطینی مظاہرین پر صیہونی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں پچاس سے زائد افراد کی ہلاکت اور سیکڑوں افراد کو زخمی کرنے پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہتے نوجوان ،خواتین و بچوں کو بربریت کا نشانہ بنانا بد ترین دہشت گردی ہے۔

(جاری ہے)

رہنمائوں نے کہا کہ بیت المقدس کی سرزمین پر امریکی سفارتخانہ قائم کرنا فلسطین عوام کی حق تلفی ہے۔ اقوام متحدہ،اسلامی ممالک کی عالمی تنظیم اورانسانی حقوق کے ادارے غزہ میں اسرائیلی بربریت اور انسانی جانوں کے ضیاع کا نوٹس لیں ۔ رہنمائوں کا کہنا تھا کہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کی منتقلی سے اشتعال انگیزی میں اضافہ ہو گا ۔ اہل فلسطین تڑپ رہے ہیں ان کا اس لمحے کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ مسلم ممالک کے سربراہان کو اسرائیلی ظلم روکنے کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا۔حکومت پاکستان اسرائیلی جارحیت پر صرف مذمتی بیان پر گزارہ نہ کرے آگے بڑھ کر عالمی فورم پر مظلوم فلسطینی عوام کیلئے بھر پور آواز بلند کرے۔