میلانیا ٹرمپ گردے میں تکلیف کے باعث والٹر ریڈ اسپتال میں داخل

منگل 15 مئی 2018 19:17

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ کو گردے میں تکلیف کے باعث والٹر ریڈ اسپتال میں داخل کر دیا گیا جہاں ان کے گردے کے اطراف معمولی سرجری بھی کی گئی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان اسٹیفنی گریشم کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ میلانیا ٹرمپ کی سرجری بے حد کامیاب رہی اور کوئی پیچیدگی نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹروں کا مزید کہنا تھا کہ سرجری کا مقصد گردے تک خون کا بہاؤ کم کر کے مزید نقصان سے بچانا ہے۔سرجری کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی مرین ون ہیلی کاپٹر میں اپنی اہلیہ کی عیادت کے لیے والٹر ریڈ میڈیکل سینٹر پہنچے۔میڈ اسٹار جارج ٹاؤن یونیورسٹی اسپتال کے ایک یورولوجسٹ ڈاکٹر کیتھ کووالزیک نے بتایا کہ دستیاب معلومات کے مطابق میلانیا ٹرمپ کے گردے کے اطراف ٹیومر کی سرجری کی گئی جسے اینجیو مائیولی پوما کہتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس ٹیومر کے دوبارہ بڑھنے کے امکانات نہیں ہوتے ایک مرتبہ جب اس کا علاج ہو جائے تو پھر یہ ہمیشہ کے لیے ختم ہو جاتا ہے۔