نواز شریف کا بیان غداری،آرٹیکل۔6کے تحت کاروائی کی جائے۔شاہ فرمان

صوبائی وزیر اطلاعات نے نواز شریف کے خلاف خیبر پختونخوا اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی

منگل 15 مئی 2018 19:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور آبنوشی شاہ فرمان نے میاں محمد نواز شریف کے حالیہ متنازعہ بیان کے خلاف خیبر پختونخوا اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی ہے جس میں کہا گیا کہ یہ اسمبلی سابقہ وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ملکی مفاد کے خلاف ایک انگریزی اخبار کو دیئے گئے انٹرویو کی مذمت کرے کیونکہ یہ ریاست کے خلاف غداری کے زمرے میںآتا ہے اوریہ پوری دنیا میں پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش ہے۔

(جاری ہے)

یہ اسمبلی وفاقی حکومت سے پرزور سفارش کرتی ہے کہ سابقہ وزیراعظم کے بیانات کی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں نشر و اشاعت پر پابندی لگائی جائے کیونکہ ان کے انٹرویو سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ ان کے بیانات ملکی مفاد اور سالمیت کے منافی اور پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہیں ۔قرار داد کے متن کے مطابق نواز شریف کے بیان سے نہ صرف عالمی سطح پر پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی ہے بلکہ دہشتگردی کے خلاف اور عالمی امن کیلئے ہماری کوششوں اور سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کی بھی توہین ہے ۔ملکی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی یہ حرکت غداری کے زمرے میں آتی ہے جس کی یہ اسمبلی تحقیقات کرنے اور آئین کے آرٹیکل ۔6کے تحت کاروائی کی سفارش کرتی ہے۔