وزیرآباد میں مسلم لیگ (ن) کاہنگامی مشاورتی اجلاس

پارٹی قائدین نے شہر سے باہر کسی کو ٹکٹ دیا توانتخابات میں نقصان کی ذمہ داری پارٹی پر ہوگی،مقررین

منگل 15 مئی 2018 19:37

وزیرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) مقامی مسلم لیگ (ن) کاہنگامی مشاورتی اجلاس زیر صدارت ضلعی صدر مستنصر علی گوندل مقامی ہال میں منعقد ہو ا جس میں سابقہ اور موجودہ امیدواران ٹکٹ برائے قومی اور صوبائی اسمبلی سمیت کارکنان اور منتخب کونسلرانے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ مشاورتی اجلاس میں ایک درجن کے قریب مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

مقررین نے اظہار خیال کر تے ہوئے کہا کہ پارٹی قائدین نے اگر شہر سے باہر کسی کو ٹکٹ دیا توانتخابات میں نقصان کی ذمہ داری پارٹی پر ہوگی۔شہرکی آبادی ایک لاکھ سے زائد نفوس پر مشتمل ہے جن کی نمائندگی کے لئے شہر سے امیدوارلایا جانا چاہئے۔مقررین نے موجودہ ایم پی اے کو آڑے ہاتھوں لیا اور الزام عائد کیا کہ ایم پی اے کا سیاسی کردار مشکوک رہا جن پر بجلی چوری، پانی چوری، رشوت خوری جیسے الزامات کے علاوہ کمیشن مافیا کا سربراہ ہونا ہے جس سے پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچااور شہر کی نمائندگی بھی نہ ہو سکی۔

(جاری ہے)

مقررین نے الزام عائد کیا کی ایم پی اے نے اپنے گائوں کو ماڈل ولیج بنوایاجس کے ترقیاتی کاموں میں کروڑوں روپے کی کمیشن وصول کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ امیدوار شہر سے لانے کی تحریک جاری رہے گی اور مرحلہ وار آگے بڑھایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ مقصد کے حصول تک تسلسل کے ساتھ ریلیاں نکالی جائینگی اور شہر سے باہر کا امیدوار لانے کی کوشش کی مزاحمت کی جائے گی۔

انہوں نے پارٹی قائدین سے مطالبہ کیاکہ اچھی شہرت کے حامل شخص کو امیدوار نامزدکیا جائے جس کا تعلق شہر سے ہونا چاہئے۔مقررین میں مستنصر علی گوندل، امتیاز اظہر باگڑی ، میر ماجد علی سالار، واجد رضا بٹ ، عامر رضا بٹ، ارشد محمود سلیمی، کرنل وقار انور شیخ، ڈاکٹر محمد یوسف، محمد ادریس سپال، مقصود ڈار، خواجہ محمد شعیب اور عمران سنی کے علاوہ کونسلران اور دیگر کارکنان نے بھی خطاب کیا۔