القدس میں امریکی سفارت خانے کا افتتاح امت مسلمہ کی غیرت کے لئے چیلنج ہے،رہنماء

مسلم حکمران بیت المقدس میں امریکی سفارت خانے کے قیام کے خلاف مشترکہ آواز اٹھائیں،عالمی برادری فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں، مشترکہ اعلامیہ

منگل 15 مئی 2018 19:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) نظام مصطفے متحدہ محاذ کے راہنماؤں صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی، ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر، پیر سید منور حسین شاہ جماعتی، صاحبزادہ حامد رضا، ثروت اعجاز قادری، الحاج محمد حنیف طیب، پیر سید معصوم نقوی، پیر میاں جلیل احمد شرقپوری اور قاضی عتیق الرحمن نے اپنے مشترکہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ القدس میں امریکی سفارت خانے کا افتتاح امت مسلمہ کی غیرت کے لئے چیلنج ہے۔

مسلم حکمران بیت المقدس میں امریکی سفارت خانے کے قیام کے خلاف مشترکہ آواز اٹھائیں۔ اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینی مسلمانوں کے قتل عام پر اقوام متحدہ کی خاموشی افسوسناک ہے۔ اسلامیان پاکستان مظلوم اور محکوم فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

عالمی برادری فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

امریکہ نے القدس میں اپنا سفارت خانہ قائم کر کے امن دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ امریکہ کی اسرائیل نوازی اور اسلام دشمنی کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ پاکستانی حکومت فلسطینی مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف عالمی سطح پر زوردار احتجاج کرے۔ قبلہ اوّل کی آذادی کے لئے امت مسلمہ کا اتحاد ضروری ہے۔ مسئلہ فلسطین حل نہ ہونا اقوام متحدہ کی ناکامی ہے۔ فلسطینی نوجوان دہشت گرد نہیں فریڈم فائیٹر ہیں۔ فلسطین پر اسرائیل کا غاصبانہ قبضہ غیر قانونی ہے۔ فلسطین کے مسلمان امید بھری نظروں سے امت مسلمہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ مسلم حکمران مصلحتیں چھوڑ کر فلسطینی مسلمانوں کا کھل کر ساتھ دیں۔ اسلامی ممالک کی مشترکہ فوج کس مرض کی دوا ہے۔