بونی کپور سری دیوی کی موت کے بعد’مسٹر انڈیا‘ کے سیکوئل سے دستبردار

سری دیوی کے بغیر سیکوئل بنانے کا کوئی مطلب نہیں ہے ،ْبونی کپور اور ان کے بھائی انیل کپور نے فلم بنانے کا ارادہ ترک کردیا

منگل 15 مئی 2018 19:55

بونی کپور سری دیوی کی موت کے بعد’مسٹر انڈیا‘ کے سیکوئل سے دستبردار
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) بالی وڈ اداکارہ سری دیوی کے انتقال کے بعد ان کے شوہر فلمساز بونی کپور نے شہرہ آفاق فلم ’مسٹر انڈیا‘ کا سیکوئل بنانے کا ارادہ ترک کرلیا۔آنجہانی اداکارہ سری دیوی نے بھارتی فلم نگری پر تقریباً دو دہائیاں راج کیا اور کئی سپر ہٹ فلمیں دیں۔اداکارہ کی اپنے دیور انیل کپور کے ساتھ فلم ’مسٹر انڈیا‘ کا شمار بھی شہرہ آفاق فلموں میں ہوتا ہے جو آج بھی مداحوں کے ذہن پر نقش ہے۔

فلم ’مسٹر انڈیا‘ میں انیل کپور، امریش پوری اور سری دیوی نے مرکزی کردار کیا تھا جسے ناصرف بے حد پسند کیا گیا بلکہ اپنے وقت کی اچھی کمائی والی فلم بھی بن گئی تھی۔ماضی کی سپر ہٹ فلم کو بونی کپور نے پروڈیوس کیا تھا جس کی ہدایت کاری کے فرائض شیکھر کپور نے سر انجام دیئے تھے ،ْ پروڈیوسر بونی کپور نے چند سال قبل فلم کے مرکزی کرداروں انیل کپور اور سری دیوی کے ساتھ سیکوئل بنانے کا اعلان کیا تھا جس میں سلمان خان اور ارجن کپور کی انٹری بھی شامل تھی۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کے سیکوئل کی تیاریاں کی جارہی تھیں لیکن اب سری دیوی کی اچانک موت سے یہ تیاریاں ختم کردی گئی ہیں اور فلمساز بونی کپور اور ان کے بھائی انیل کپور نے فلم بنانے کا ارادہ ترک کردیا ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ فلمسازوں کا کہنا ہے کہ سری دیوی کے بغیر سیکوئل بنانے کا کوئی مطلب نہیں ہے کیوں کہ ان کے بنا سیکوئل ویسے ہی ہے جیسے نرگس کے بنا ’مدر انڈیا‘ یا تاج محل کے بنا آگرہ بنانا۔یاد رہے کہ ’مسٹر انڈیا‘ کے دو مرکزی کردار امریش پوری اور سری دیوی دنیا سے رخصت ہوچکے ہیں ،ْ یہ فلم 1987 میں ریلیز ہوئی تھی۔