نواز شریف پر منی لانڈرنگ کرنے کا الزام عائد کرنے کا معاملہ، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے چئیرمین نیب کو کل طلب کر لیا

muhammad ali محمد علی منگل 15 مئی 2018 19:18

نواز شریف پر منی لانڈرنگ کرنے کا الزام عائد کرنے کا معاملہ، قومی اسمبلی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی2018ء) نواز شریف پر منی لانڈرنگ کرنے کا الزام عائد کرنے کے معاملے پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے چئیرمین نیب کو کل طلب کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے مدت ختم ہونے سے قبل چئیرمین نیب کو سبق سکھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹی کے ذریعے چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال سے پوچھ گچھ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چئیرمین نیب کو نواز شریف پر بھارت 4.9 ارب ڈالرز منی لانڈرنگ کرکے بھیجنے کے الزام کے سلسلے میں طلب کیا گیا ہے۔ چئیرمین نیب کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کل بروز بدھ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے سامنے پیش ہوں۔ ن لیگ کے رانا حیات قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے چئیرمین کی حیثیت سے چئیرمین نیب سے سوال جواب کریں گے۔

(جاری ہے)

تاہم اب تک چئیرمین نیب کی جانب سے پیش ہونے یا نہ ہونے سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب نے اعلان کیا تھا کہ نواز شریف کیخلاف 4.9 ارب ڈالرز منی لانڈرنگ کرکے بھیجنے کی تحقیقات کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ نیب کے اس بیان کے بعد ن لیگ اور وفاقی حکومت کی جانب سے شدید ردعمل دیا گیا تھا۔ جبکہ وزیراعظم نے بھی اس معاملے پر چئیرمین نیب کیخلاف سخت ایکشن لینے کا اعلان کیا تھا۔