نیب کی ٹیم نے نوازشریف کی 20مئی کو طلبی کا نوٹس جاتی امراء موصول کروادیا

. ٹیم نے اندر جانے کی اجازت نہ ملنے پر باہر گیٹ پر ہی نوٹس موصول کروا دیا ،تفتیش مکمل ہونے پر ریفرنس دائر کیا جائیگا

منگل مئی 20:19

نیب کی ٹیم نے نوازشریف کی 20مئی کو طلبی کا نوٹس جاتی امراء موصول کروادیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی2018ء) قومی احتساب بیورو ( نیب) کی ٹیم نے سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف کی 20مئی کو طلبی کا نوٹس جاتی امراء موصول کروادیا ۔ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے نوازشریف کو 20مئی کو طلب کر رکھا ہے۔نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے طلبی کا سمن بھجوایا گیاتاہم نیب کی ٹیم کو جاتی امراء اندر جانے سے روک دیا گیا جس پر ٹیم نے باہر گیٹ پر ہی نوٹس موصول کر وادیا گیا ۔

ترجمان نیب لاہور کے مطابق نوازشریف پر بطور وزیراعظم 1998ء میں اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے جاتی امرا ء تک سڑک تعمیر کروانے کا الزام ہے ۔ نواز شریف کے حکم پر سڑک کی چوڑائی 20 فٹ سے 24 فٹ کی گئی جس سے لاگت بڑھی، نواز شریف پر بھائی کے ساتھ مل کر ذاتی فائدے کے لئے سڑک بنانے کا الزام ہے،،نواز شریف کے حکم سے ضلع کونسل کے بہت سے عوامی منصوبے بند کرنے پڑے جس سے عوام کا نقصان ہوا ۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق ڈی جی نیب لاہور نے خصوصی ٹیم تشکیل دے رکھی ہے، خصوصی ٹیم میں دو ڈپٹی ڈائریکٹرز اور ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر شامل ہیں، رائے ونڈ روڈ کی تعمیر میں ہونے والی کرپشن میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کو نامزد کیا گیا ہے، 17اپریل 2000 میں شروع کی جانے والی تفتیش کے مطابق 12کروڑ 56 لاکھ روپے سے زائد رقم کی کرپشن کی گئی، 2016 تک کرپشن انکوائری التوا کا شکار رہی، 2016کے بعد دوبارہ انکوائری پر کام شروع کیا گیا، ایک سکول اور ڈسپنسری کا بجٹ استعمال کرکے شریف برادران نے اپنی رہائش گاہ کیلئے سڑک تعمیر کروائی، چیئرمین نیب نے معاملے کی براہ راست انویسٹی گیشن کا حکم دیا تھا، تفتیش مکمل کرکے کرپشن ریفرنس احتساب عدالت لاہور میں دائر کیا جائے گا۔