آئندہ عام انتخابات کا انعقاد ہمارے ملک کے سیاسی مستقبل اور استحکام کیلئے انتہائی اہم ہے،جسٹس (ر)ارشادقیصر

اس بات سے کسی کو انکار نہیں کہ ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہی ملکی ہم آہنگی اور استحکام کے لئے ضروری ہیں، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تقریب حلف برداری اور ایک روزہ تربیتی ورکشاپ

منگل 15 مئی 2018 20:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) آئندہ عام انتخابات کا انعقاد ہمارے ملک کے سیاسی مستقبل اور استحکام کیلئے انتہائی اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا سے ممبر الیکشن کمیشن جسٹس (ر) ارشاد قیصر نے پشاور میں پرل کاننٹیٹل ہوٹل میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تقریب حلف برداری اور ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں آزادانہ منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن آف پاکستان کی آئینی ذمہ داری ہے۔ اور اس میں ڈی آر اوز کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے انہوں نے کہا کہ الیکشن ایکٹ 2017انتخابی اصلاحات کی جانب اہم قدم ہے۔ جس نے الیکشن کمیشن کو مزید بااختیار بنایا ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس (ر) ارشاد قیصر نے مزید بتایا کہ الیکشن کی حساسیت اور منصفانہ انعقاد کو مدنظر رکھ کر عدلیہ سے ڈی آر اوز اور آر اوز کی تعیناتی الیکشن ایکٹ 2017کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔

جو کہ نہ صرف عدلیہ پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ بلکہ ملک میں شفاف انتخابات کے لئے راہ ہموارکریگی۔انہوں نے کہا۔ کہ اس ایکٹ کے تحت انتخابی اہلکار اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے سے پہلے حلف اٹھائیںگے جس سے نہ صرف ان کو اپنی ذمہ داریوں کی سنجیدگی کا احساس دلاتا رہیگا بلکہ انتہائی عمل میں عوام کے اعتماد میں اضافہ کریگا۔ انہوں نے ڈی آر اوز کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ لسٹ آف پولنگ اسٹیشن کی تیاری، پولنگ عملہ کی تعیناتی اور اس کی منظوری دینا آپ کی نگرانی میں ہوگی جبکہ انتخابی عمل کے دوران امن و امان کی صورتحال کی مجموعی نگرانی بھی ڈی آراوز کی ذمہ داری ہے۔

دریں اثنا ء صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا پیر مقبول احمد نے ڈی آر اوزسے حلف لیا۔ بعدازاں اپنے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کہاکہ اس بات سے کسی کو انکار نہیں کہ ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہی ملکی ہم آہنگی اور استحکام کے لئے ضروری ہیں۔ جن کے ذریعے ہم ایک مضبوط قوم بن سکتے ہیں۔اس لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے مختلف اقدامات اُٹھائے ہیں۔

جس کی وجہ سے آئندہ عام انتخابات بہتر سے بہتر انداز میں منعقد کرانیکی کوشش کی جائیگی واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آفٖ پاکستان نے خیبر پختونخوا کے 25اضلاع میں تعینات ڈسٹرکٹ سیشن ججز جبکہ فاٹا کے ہر ایجنسی کے پولٹیکل ایجنٹ کو بطور ڈی آر او تقرری کا اعلامیہ جاری کیا ہے۔ جس کو ایک روزہ تربیت بھی دی جائیگی۔اس کے بعد تمام آر اوز کو بھی مرحلہ وار تربیت دی جائیگی۔