ماہ رمضان میں عطیات بڑھانے کے لئے کوکا۔کولا کی ایدھی فاؤنڈیشن کے ساتھ ایک بار پھر شراکت داری

منگل 15 مئی 2018 20:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) کوکا۔کولا پاکستان نے گزشتہ سال ایدھی فاؤنڈیشن کے عطیات بڑھانے کی مہم میں عوام کی پرجوش انداز سے شرکت کے بعد رواں سال بھی اس ماہ رمضان میں ایک بار پھر پاکستان کے صف اول کے سماجی بہبود اور امدادی کام کرنے والے ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کے ساتھ شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔ اس مہم کا عنوان 'ایدھی کیلئے عیدی 'ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ ملک بھر میں لوگوں کے اندر وسعت قلبی سے زیادہ عطیات دینے کی جامع انداز سے حوصلہ افزائی کی جائے۔

کوکا۔کولا پاکستان و افغانستان کے جنرل منیجر رضوان یو خان نے کہا، "ایک زمہ دار کاروباری ادارے کے طور پر کوکا۔کولا نے گزشتہ سال اس بات کو محسوس کیا کہ یہ ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے کہ ایسے وقت میں ایدھی فاؤنڈیشن کے ساتھ ہر ممکن انداز سے تعاون کریں جب انہیں عطیات کی وصولی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

اپنی بنیادی اقدار سے وابستگی کے ساتھ ہم نے گزشتہ سال ایک بھرپور رابطہ مہم چلائی اور اس سال بھی ہم اس مہم کو چلانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

مجھے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہے کہ گزشتہ سال کے تجربات کو بروئے کار لاتے ہوئے ہم اس سال زیادہ وسیع اور موثر مہم چلائیں گے۔" ایدھی فاؤنڈیشن نے اپنے آغاز سے ہی عوامی حمایت اور روایتی عطیات بشمول زکوٰة اور صدقات پر انحصار کیا ہے۔ ماہ رمضان کے دوران اسکے عطیات کی وصولی میں غیرمعمولی اضافہ ہوجاتا ہے۔ عبدالستار ایدھی مرحوم جیسی قد آور شخصیت کی رہنمائی کے بغیر ایدھی فاؤنڈیشن کو ماہ رمضان میں پہلی بار عطیات میں کمی کا سامنا رہا۔

اسی طرح گزشتہ سال عطیات کی وصولی کے لئے کوکا۔کولا کی بوٹل آف چینج مہم بھی ایدھی فاؤنڈیشن کے لئے کارآمد ثابت ہوئی۔ اس مہم میں لوگوں نے ایدھی فاؤنڈیشن کو پہلے سے زیادہ عطیات دیئے اور اس سے انہیں ایدھی صاحب کے عظیم کام کو جاری رکھنے میں مدد ملی۔ اس سال بھی اس مہم کا بنیادی پیغام یہی ہے اور اس کا عنوان 'ایدھی کیلئے عیدی' ہے تاکہ عوامی شعور اجاگر ہو اور لوگ اس بڑے کام میں تعاون کے لئے مل جل کر آگے بڑھیں۔

عبدالستار ایدھی مرحوم کے صاحبزادے فیصل ایدھی اس وقت ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ ہیں، فیصل ایدھی بتاتے ہیں، "گزشتہ سال کوکا۔کولا کی مہم سے بہت اچھے نتائج نکلے اور ایدھی فاؤنڈیشن کو ماہ رمضان کے دوران زیادہ تعداد میں عطیات وصول ہوئے۔ یہ عطیات ایدھی فاؤنڈیشن کے امدادی کاموں کو پسماندہ طبقے کے افراد تک پھیلانے کے لئے استعمال ہوئے۔

گزشتہ سال کی کامیابی کی بنیاد پر ایدھی فاؤنڈیشن اس ماہ رمضان میں بھی کوکا۔کولا کا پارٹنر بننے پر بہت خوشی محسوس کر رہی ہے ۔" فیصل ایدھی نے دیگر اقدامات کے لئے مختلف فلاحی اداروں کے ساتھ کوکا۔کولا کی شراکت داری کو بھی سراہا جن میں تعلیم کے لئے دی سٹیزنز فاؤنڈیشن ، ماحولیاتی تحفظ کے لئے ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان، خواتین کی بااختیاری کے لئے کشف فاؤنڈیشن، پولیو کے خاتمے کے لئے روٹری انٹرنیشنل اور پانی سے متعلقہ منصوبوں کے لئے انڈس ارتھ ٹرسٹ شامل ہیں۔

یہاں یہ بات قابل توجہ ہے کہ ایدھی کیلئے عیدی مہم میں کسی بھی طرح کا کوئی کاروباری پہلو نہیں ہے اور عطیات وصولی کی یہ مہم کسی بھی طرح کی پروڈکٹ خریدنے سے متعلق نہیں ہے۔ کوکا۔کولا بذات خود عوام کی جانب سے جمع ہونے والی رقم کے برابر رقم جسکی زیادہ سے زیادہ ما لیت ڈھائی کروڑ روپے تک ہوگی ایدھی فائونڈیشن کو عطیہ کرے گا۔ اسی طرح اس سال ماہ رمضان میں عطیات بڑھانے کے لئے بوٹل آف چینج تصور کو تبدیل کرکے 'ایدھی کیلئے عیدی ' کیا گیا ہے۔ اس سے شہریوں کے اندر پہلے سے زیادہ عطیات دینے کا جذبہ پیدا ہوگا اور ایدھی فاؤنڈیشن معاشرے کے کم ترقی یافتہ طبقے میں اچھے تحائف تقسیم کرسکے گا اور اسکے نتیجے میں عید الفطر کے موقع پر ان لوگوں کی زندگیوں میں بھی خوشیاں پھیلیں گی۔