ہزارہ یونیورسٹی نے طلباء کو مختلف تعلیمی و تحقیقی شعبوں میں آنے جانے کیلئے شٹل سروس شروع کر دی

منگل 15 مئی 2018 20:53

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) ہزارہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس کی خصوصی ہدایات پر یونیورسٹی کے شعبہ ٹرانسپورٹ نے یونیورسٹی کے اندر مختلف تعلیمی و تحقیقی شعبوں میں آنے جانے کیلئے طلباء و طالبات اور سکالرز کیلئے شٹل ٹرانسپورٹ سروس شروع کر دی۔ یہ ٹرانسپورٹ سروس صبح ساڑھے آٹھ بجے سے شام 4 بجے تک یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی شعبوں، ہاسٹلز، دفاتر اور اکیڈیمک بلاکس کے درمیان تواتر کے ساتھ چلا کرے گی۔

یونیورسٹی کے ٹرانسپورٹ آفیسر عابد رفیق نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بارش، گرمی کے موسم اور خاص کر رمضان المبارک کے دوران یونیورسٹی کے وسیع رقبہ جو 1000 کنال سے زائد ہے، میں قائم مختلف تعلیمی شعبوں کے طلباء و طالبات اور سکالرز کو اس سہولت سے بھرپور استفادہ حاصل ہو گا جہاں وہ موسمی شدت سے محفوظ ہوں گے وہاں ان کا ایک تعلیمی شعبہ سے دوسرے تعلیمی شعبہ میں جانے کے دوران قیمتی وقت بھی ضائع نہیں ہو گا۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کے طلباء و طالبات اور سکالرز نے وائس چانسلر کی طرف سے یونیورسٹی کے اندر شٹل سروس چلانے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وائس چانسلر نے ہمیشہ یونیورسٹی کے طلباء و طالبات اور سکالرز کے مسائل حل کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے جس کی بدولت جہاں یونیورسٹی کے تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں میں وسعت اور بہتری آئی ہے وہاں یونیورسٹی کی تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں سے نئے داخل ہونے والے طلباء و طالبات کی تعداد میں بھی کافی حد تک اضافہ ہوا ہے۔