آئندہ عام انتخابات کیلئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کی باضابطہ تربیت شروع

خیبرپختونخوا ہ ،فاٹا کے تمام ریٹرننگ افسران نے غیرجانبدارانہ ،شفاف انداز میں انتخابات کے انعقاد کرانے کا حلف اٹھایا

منگل 15 مئی 2018 20:24

پشاور /لاہور/کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات کیلئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کی باضابطہ تربیت شروع کردی ، چیف الیکشن کمشنر جسٹس( ر) سردار محمد رضا آج (بدھ )کے روز لاہور میں پنجاب کے ضلعی ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کے تربیتی پروگرام کا افتتاح کریں گے۔

پشاور میں تربیت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے رکن جسٹس (ر)ارشاد قیصر نے کہا کہ ہم ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے پرعزم ہیں،اس مقصد کے لئے تمام ضروری انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں شفافیت لانے کے لئے انتخابی ایکٹ 2017 میں اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر پیر مقبول احمد نے بھی خطاب کیا۔

اس سے پہلے خیبرپختونخوا ہ اورفاٹا کے تمام 33ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے غیرجانبدارانہ اورشفاف انداز میں انتخابات کے انعقاد کرانے کا حلف اٹھایا۔ کوئٹہ میں بھی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کی تربیت شروع ہوگئی۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا آج بدھ کے روز لاہور میں پنجاب کے ضلعی ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کے تربیتی پروگرام کا افتتاح کریں گے۔