ڈی جی کے ڈی اے کراچی سمیع الدین صدیقی سے جامعہ بنوریہ ٹائون کے ناظم قاری محمد اقبال کی ملاقات

منگل 15 مئی 2018 20:35

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سمیع الدین صدیقی نے کہا ہے کہ رمضان کا مہینہ اس قدر عظیم، مبارک اور اہمیت کا حامل ہے کہ اللہ نے اس ماہ مبارک کو روزے جیسی انتہائی اہم اور عظیم عبادت کے لئے نہ صرف منتخب کیا، بلکہ رمضان کے روزوں کو مسلمان پر فرض اور اسلام کے بنیادی ارکان میں سے ایک اہم رکن قرار دیا،ماہ صیام ہمیں تقویٰ و پرہیز گاری کا درس دیتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے جامعہ بنوریہ ٹائون کے ناظم امور متفرقہ قاری محمد اقبال سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کہی۔ ڈی جی کے ڈی اے نے مزید کہا کہ دینی تعلیم کا حصول ہر مسلمان پر واجب ہے، رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ہمیں زیادہ سے زیادہ عبادات کا اہتمام کرنا چاہئے ،مستحقین اور نادار شہریوں کے لئے روزانہ کی بنیاد پر شہر کے مختلف علاقوں میں سحر و افطار کا اہتمام کرنا چاہئے، اس سلسلے میں کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ بعدازاں قاری محمد اقبال نے ڈی جی کے ڈی اے کے حالیہ اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سمیع الدین صدیقی کی سربراہی میں ادارہ اپنی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کرنے میں ضرور کامیاب ہوگا۔